العین، 5 اگست 2025 (وام)--ابوظہبی ورلڈ گریپلنگ چیمپئن شپ 2025 کا افتتاحی ایڈیشن کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ تین روزہ ایونٹ ایڈینک سینٹر العین میں منعقد کیا گیا، جس میں 60 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 1000 سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔
اس بین الاقوامی مقابلے کا انعقاد انٹرنیشنل ویژن اسپورٹس مینجمنٹ (IVSM) نے ابوظبی جوجِتسو پرو (AJP) کے بینر تلے کیا، جبکہ ابوظبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت اس کے اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر شریک رہا۔ ایونٹ نے العین ریجن کو عالمی سطح پر کھیلوں کی میزبانی کا نیا مرکز بنانے کی جانب ایک اہم قدم کی حیثیت حاصل کی۔
چیمپئن شپ میں یوتھ، ایمیچور، پروفیشنل اور ماسٹرز ڈویژنز کے مقابلے مختلف ویٹ کلاسز میں منعقد کیے گئے، جو ہر سطح کے کھلاڑیوں کے لیے مسابقتی میدان فراہم کرتے ہیں۔
انڈر-18 کیٹیگری میں 'ADMA' انٹرنیشنل (یو اے ای) کو بیسٹ اکیڈمی کا اعزاز حاصل ہوا، جب کہ 18 پلس کیٹیگری میں کمانڈو گروپ، 'ADMA' انٹرنیشنل اور 'M.O.D UAE'نے بالترتیب سرفہرست تین پوزیشنز اپنے نام کیں۔
یہ چیمپئن شپ نہ صرف عالمی سطح پر ابوظبی کی اسپورٹس امیج کو مزید مضبوط کرتی ہے بلکہ اماراتی نوجوانوں کو عالمی معیار کے پلیٹ فارم تک رسائی بھی فراہم کرتی ہے۔