ابوظہبی، 7 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی یونین ایسوسی ایشن فار ہیومن رائٹس (UAHR) نے 4 اگست 2025 کو پورٹ سودان اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان پر گہرے افسوس اور شدید حیرت کا اظہار کیا ہے، جس میں امارات کے خلاف بے بنیاد الزامات اور من گھڑت دعوے کیے گئے۔
یو اے ای ایچ آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلامیہ دراصل رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے دستاویزی طور پر ثابت کردہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی ایک کھلی کوشش ہے۔ اقوام متحدہ اور اس کی آزاد فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے سوڈان کی رپورٹس میں عام شہریوں کے خلاف سنگین مظالم کی نشان دہی کی جا چکی ہے۔
یو اے ای ایچ آر نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے جھوٹے الزامات درحقیقت متحدہ عرب امارات کے علاقائی اور عالمی سطح پر امن کی کوششوں کو متاثر کرنے کے مترادف ہیں، جو کہ سوڈان میں فوری اور جامع جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے سرگرم ہے۔ اس طرح کے بیانات نہ صرف بحران کو مزید بڑھاتے ہیں بلکہ سوڈانی عوام کی تکالیف میں بھی اضافہ کا باعث بنتے ہیں۔
بیان میں یاد دہانی کروائی گئی کہ متحدہ عرب امارات نے سوڈانی عوام کی امداد کے لیے اب تک 16.12 ارب اماراتی درہم (تقریباً 4.5 فیصد کل بیرونی امداد) فراہم کیے ہیں، جن میں سے زیادہ تر امداد 2023 کے بعد شدید ہوتے تنازعے کے دوران مہیا کی گئی۔
یو اے ای ایچ آر نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے 5 اگست 2025 کو جاری کردہ بیان کا حوالہ بھی دیا، جس میں سوڈانی بحران کو دنیا کا سب سے بڑا انسانی المیہ قرار دیا گیا ہے، جو بچوں اور خاندانوں کی زندگیوں کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔
ایسوسی ایشن نے اس بات پر زور دیا کہ بیانات کو قانونی و اخلاقی ذمہ داریوں سے فرار کا ذریعہ بنانا ناقابل قبول ہے، بالخصوص جب بات عام شہریوں کے تحفظ اور منظم مظالم کے خاتمے کی ہو، جو نہ صرف تشدد کا تسلسل پیدا کرتے ہیں بلکہ پائیدار امن کی راہ میں بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔
یو اے ای ایچ آر نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ بلا امتیاز عام شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات یقینی بنائیں، اور مجرموں کو استثنیٰ دینے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ایسا نظام قائم کریں جو انصاف کے تقاضے پورے کرے۔
اختتام پر ایسوسی ایشن نے متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے حالیہ مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ سوڈانی عوام کے لیے سلامتی، وقار، ترقی اور جامع امن کے حصول کے لیے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی فوری ضرورت ہے۔