ابوظہبی، 7 اگست، 2025 (وام)--ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج (ADX) نے مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقہ (مینا) کے خطے میں معروف ریٹیل سرمایہ کاری پلیٹ فارم "تھنڈر" کو اپنا پہلا ریموٹ ریٹیل ٹریڈنگ ممبر مقرر کر لیا ہے۔ تھنڈر، جو کہ ابوظبی کے انوویشن حب "Hub71" سے وابستہ ایک اسٹارٹ اپ ہے، ابوظہبی گلوبل مارکیٹ کے فنانشل سروسز ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت باقاعدہ لائسنس یافتہ ہے، اور اس نے صرف 2024 میں 13 ارب ڈالر سے زائد کی ٹریڈنگ ویلیو ریکارڈ کی۔
اس نئے شراکت دار کے ساتھ، تھنڈر کے صارفین اب جلد ہی اپنے موبائل سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی معروف لسٹڈ کمپنیوں اور ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں براہ راست سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ اس پیشرفت کو خطے کی کیپٹل مارکیٹس میں عملی اور مربوط تجارتی روابط قائم کرنے کی سمت ایک انقلابی قدم قرار دیا گیا ہے۔
ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج کے گروپ سی ای او، عبداللہ سالم النعیمی کے مطابق، تھنڈر کو اس نئے کردار میں شامل کرنا متحدہ عرب امارات اور وسیع تر مینا خطے کے سرمایہ کاروں کے درمیان سرمایہ کاری کو مزید آسان اور ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے، جو سرمایہ کاری کے دائرے کو وسعت دینے اور مالیاتی شمولیت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔