ابوظہبی، 7 اگست، 2025 (وام)--برجیل ہولڈنگز پی ایل سی نے مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں اپنا خالص منافع 128.9 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ 148 ملین درہم تک پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نمایاں بہتری مارجن میں اضافے، مؤثر آپریٹنگ لیوریج، اور اثاثہ جاتی بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
کمپنی کی جنوری تا جون 2025 (پہلی ششماہی) کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق، برجیل ہولڈنگز کا خالص منافع 10.6 فیصد بڑھ کر 187 ملین درہم ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہسپتالوں کا شعبہ کمپنی کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کرتا رہا، جس نے Q2 2025 میں 89 فیصد ریونیو فراہم کیا۔ اس سہ ماہی میں ریونیو 17.3 فیصد بڑھ کر 1.245 ارب درہم ہو گیا، جس کی بنیاد مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور پیچیدہ علاج کی مسلسل طلب تھی۔
کمپنی نے Q2 2025 میں 18.7 فیصد اضافہ کے ساتھ مجموعی ریونیو کو 1.403 ارب درہم تک پہنچایا، جو 12.1 فیصد مریضوں کی آمد، فی مریض بہتر آمدنی اور نئے مراکز کے مکمل فعال ہونے کی وجہ سے ممکن ہوا۔
پہلی ششماہی (H1 2025) میں ریونیو 12.2 فیصد بڑھ کر 2.677 ارب درہم تک پہنچا، جب کہ مجموعی مریض وزٹس 34 لاکھ ریکارڈ کیے گئے۔
ادھر 'EBITDA' (سود، ٹیکس، فرسودگی اور امورتیزیشن سے قبل آمدنی) میں 59.4 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو کہ 306 ملین درہم پر پہنچ گیا۔ یہ کارکردگی بہتر ریونیو گروتھ، فزیشن پروڈکٹیویٹی اور نئے اثاثہ جات کے فعال ہونے کے بعد بہتر نتائج کی مرہونِ منت رہی۔
برجیل ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، جان سنیل نے بیان میں کہاکہ، ’’دوسری سہ ماہی کے نتائج غیرمعمولی طور پر مضبوط رہے۔ ریونیو میں 19 فیصد اضافہ، مریضوں کی آمد میں 12 فیصد اضافہ اور فی مریض آمدنی میں بہتری نے کمپنی کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنایا۔ EBITDA میں 59 فیصد اضافہ کے ساتھ مارجن بھی 22 فیصد تک پہنچا، جو کہ کمپنی کی مضبوط مزاحمتی حکمت عملی اور طویل مدتی پائیدار ترقی کی واضح علامت ہے۔‘‘