سیئول، جنوبی کوریا، 7 اگست، 2025 (وام)--بریج سمٹ 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں اماراتی وفد نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کا دورہ کیا، جو شنگھائی (چین) اور اوساکا (جاپان) کے بعد ایشیائی دورے کا تیسرا مرحلہ تھا۔ یہ سمٹ 8 تا 10 دسمبر ابوظہبی میں منعقد کی جائے گی، جس میں عالمی میڈیا، ثقافت، تخلیقی مواد، اور پالیسی سازی سے جُڑے اہم شخصیات شریک ہوں گی۔
وفد کی قیادت متحدہ عرب امارات کے قومی میڈیا دفتر اور میڈیا کونسل کے چیئرمین، عبداللہ بن محمد بن بُطی الحمید نے کی، جب کہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل میڈیا آفس ڈاکٹر جمال الکعبی بھی موجود تھے۔ یہ دورہ 4 سے 6 اگست تک جاری رہا، جس میں کورین میڈیا، ڈیجیٹل انڈسٹریز، فلم، اینیمیشن، تخلیقی ٹیکنالوجی اور مواد سازی سے متعلق نمایاں اداروں سے ملاقاتیں کی گئیں۔
دورے کے دوران اماراتی وفد نے سیئول میٹروپولیٹن گورنمنٹ کے ایڈمنسٹریٹو ڈپٹی میئر، کم تے کیون سے ملاقات کی، جس میں کوریا میں تعینات اماراتی سفیر، عبداللہ سیف النعیمی بھی شریک تھے۔ ملاقات میں طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینے اور تخلیقی میڈیا صنعتوں کو جوڑنے پر تبادلہ خیال ہوا۔
دورے میں متعدد کورین کمپنیوں سے ملاقاتیں ہوئیں، جہاں بریج سمٹ 2025 کی حکمت عملی، اس کی عالمی اہمیت اور میڈیا کے مستقبل کو نئی جہتیں دینے کی کوششوں پر بات ہوئی۔
'I-ON Communications' کے نمائندہ بروس ایس لی نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور غیر منظم ڈیٹا کے ارتقاء پر روشنی ڈالی۔
‘Dentons’ کے سینئر وکیل جان جنگ کیوم کم نے جنوبی کوریا کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے قوانین اور ذمہ دارانہ اختراعات کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ‘Lotte Caliverse’ کے سی ای او ڈی کے کم نے ایک 3D ورچوئل تجرباتی پلیٹ فارم متعارف کرایا، جس کا مقصد عالمی تفریحی صنعت میں انقلابی تبدیلیاں لانا ہے۔
اسی دوران، ‘SM انٹرٹینمنٹ’ کے چیف گروتھ آفیسر چوئی جنگ من نے میڈیا اور ڈیجیٹل ثقافت میں علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ‘SimSam Ventures’ کے شریک بانی رانچو لی نے اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کے مواقع پر اظہار خیال کیا۔
‘Mathpresso’ کے سی ای او جیک لی نے اے آئی پر مبنی تعلیمی ماڈلز پیش کیے، جن میں گوگل جیسے عالمی اداروں کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ آخر میں، ‘KAIA’ کے صدر چانگ شِن پارک نے کورین اینیمیشن انڈسٹری کی عالمی اہمیت اور اس کے ابھرتے ہوئے اثرات پر روشنی ڈالی۔
6 اگست کو دوسرے دن لی اینڈ کو کے پارٹنر راس ہارمن نے میڈیا، ٹیکنالوجی اور AI کے لیے قانونی ڈھانچے پر تفصیلی گفتگو کی، جبکہ پروفیسر گل ہوانگ (ہونگک یونیورسٹی) نے ڈیزائن اور پائیداری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کوریا پریس فاؤنڈیشن (KPF) کے نمائندوں جنگ ہو نام، سونو کم اور چیجون یو نے صحافتی آزادی، تحقیق اور ایشیائی میڈیا کے مستقبل پر اپنے خیالات پیش کیے۔
عبداللہ الحمید نے ان ملاقاتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو اے ای عالمی میڈیا تعاون کا مرکز بننے کی جانب گامزن ہے، اور جنوبی کوریا جیسے ممالک سے تخلیقی و ڈیجیٹل میڈیا میں شراکت داری اس وژن کو تقویت دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بریج سمٹ 2025 میڈیا اداروں کو ذمہ دار اور مؤثر مواد سازی کی حکمت عملیوں پر غور کا موقع دے گا، اور کورین اداروں کی شرکت دونوں ممالک کی عالمی میڈیا میں موجودگی کو مزید مستحکم کرے گی۔
بریج اقدام کے تحت یو اے ای میڈیا، ٹیکنالوجی، تفریح اور تخلیقی معیشت میں اپنی قیادت کو مستحکم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ بریج سمٹ 2025 ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم ہوگا جہاں میڈیا، اے آئی، ڈیجیٹل کلچر اور سرمایہ کاری جیسے شعبوں میں انقلابی تعاون کی راہیں تلاش کی جائیں گی، اور امیارات، جنوبی کوریا اور عالمی تخلیقی برادری کے درمیان تعلقات کو ایک نئی جہت دی جائے گی۔