ابوظہبی، 7 اگست، 2025 (وام)--فلسطینی عوام کی امداد کے لیے متحدہ عرب امارات کی انسانی ہمدردی پر مبنی مہم بدستور جاری ہے۔ اس سلسلے میں آج "برڈس آف گوڈنس" اقدام کے تحت 65ویں فضائی امدادی مشن کو کامیابی سے انجام دیا گیا، جو آپریشن ‘الفارس الشهم 3’ کا حصہ ہے۔
یہ مشن اردن کی ہاشمی سلطنت کے تعاون اور جرمنی و بیلجیم کی شراکت سے مکمل کیا گیا، جس کا مقصد ایسے علاقوں تک امداد پہنچانا ہے جہاں زمینی راستوں سے رسائی ممکن نہیں ہے۔
امدادی سامان میں مختلف ضروری غذائی اشیاء اور ہنگامی نوعیت کے انسانی امدادی سامان شامل تھے۔ آج کی فضائی کاروائی کے ساتھ مجموعی طور پر 3,862 ٹن سے زائد امداد اب تک غزہ کے متاثرہ اور کمزور علاقوں تک پہنچائی جا چکی ہے۔
فضا میں طیارے محو پرواز رہے، تو دوسری جانب زمینی راستے سے بھی مدد کا سفر جاری رہا۔ آج اماراتی قافلے میں شامل 21 ٹرکوں نے 500 ٹن سے زائد خوراکی سامان غزہ کی سرحدوں پر پہنچایا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ امارات کا فضائی و زمینی امدادی دائرہ مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے۔
یو اے ای نے ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا ہے کہ وہ علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، تاکہ غزہ میں ضرورت مندوں تک مسلسل امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے — خواہ وہ فضا، خشکی یا سمندر کے ذریعے ہی کیوں نہ ہو۔
یہ مسلسل کاوشیں متحدہ عرب امارات کے ریاستی سطح پر قائم انسان دوست اصولوں اور بین الاقوامی امدادی قیادت کا مظہر ہیں۔