دبئی کے ٹیکسی شعبے میں سات فیصد اضافہ، پہلی ششماہی میں 5 کروڑ 95 لاکھ سفر مکمل

دبئی، 12 اگست، 2025 (وام)--دبئی کے ٹیکسی شعبے نے سال 2025 کی پہلی ششماہی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں سات فیصد ترقی حاصل کی ہے، جو دبئی کی بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں اور سیاحتی کشش کی عکاس ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی، دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ، عادل شکری کے مطابق، ٹیکسی شعبہ گزشتہ چند برسوں سے مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2025 کی پہلی ششماہی میں کل ٹیکسی سفر کی تعداد 5 کروڑ 95 لاکھ رہی، جو 2024 کے اسی عرصے میں 5 کروڑ 57 لاکھ تھی، یوں سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مسافروں کی تعداد بھی 9 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ کر 10 کروڑ 35 لاکھ تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق، ہالا ٹیکسی کی مارکیٹ شیئر بھی بہتر ہوئی، جو 2024 میں 40.3 فیصد تھی اور 2025 میں 2.5 فیصد کا اضافے کے ساتھ بڑھ کر 41.3 فیصد تک پہنچ گئی۔ اسی مدت میں شعبے میں فعال ڈرائیوروں کی تعداد تقریباً 13 ہزار سے بڑھ کر قریب 14 ہزار ہو گئی۔

عادل شکری کے مطابق، اس عرصے میں ای-ہیلنگ سروسز، فی گھنٹہ گاڑی کرایہ اور ہالا ٹیکسی کے شعبوں میں بھی ریکارڈ ترقی دیکھنے میں آئی، جو دبئی کو سرمایہ کاری اور سیاحت کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سروس کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے؛ 2024 کی پہلی ششماہی میں ہالا ٹیکسی کے تقریباً 70 فیصد سفر میں گاڑی کی متوقع آمد کا وقت چار منٹ سے کم تھا، جبکہ 2025 میں یہ شرح بڑھ کر 74 فیصد ہو گئی اور اوسط وقت ساڑھے تین منٹ سے بھی کم ریکارڈ ہوا۔