البانیا کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے اماراتی ریسکیو ٹیم کی کارروائیاں جاری

تیرانا، 12 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے البانیا میں جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے لیے امارات کی خصوصی فائر فائٹنگ ٹیم کی متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق، مذکورہ ٹیم گزشتہ روز البانیا پہنچی، جہاں وہ تربیت یافتہ عملے، جدید ہیلی کاپٹروں، آگ بجھانے کے آلات اور دیگر ضروری ساز و سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اماراتی ہیلی کاپٹروں نے پیٹریلا اور گرامش کے علاقوں سمیت دیگر متاثرہ مقامات پر متعدد پروازیں کیں، جبکہ زمینی عملے نے سخت موسمی حالات کے باوجود آگ پر قابو پانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

ادھر امدادی کارروائیوں میں شریک البانوی حکام نے متحدہ عرب امارات کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امارات کی امداد دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اماراتی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور بروقت مداخلت انتہائی قابلِ تحسین ہے۔