ابوظہبی، 13 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے شہری ہوا بازی کے شعبے نے 2025 کی پہلی ششماہی میں اہم کارکردگی کے اشاریوں پر نمایاں ترقی ریکارڈ کی ہے۔ مسافروں کی آمد و رفت، فضائی کارگو اور پروازوں کی تعداد میں مضبوط اضافہ اس شعبے کی مستحکم ترقی کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ملک کے ہوائی اڈوں نے 7 کروڑ 54 لاکھ مسافروں کا خیرمقدم کیا، جو گزشتہ سال اسی مدت میں 7 کروڑ 17 لاکھ تھے۔ یہ شرح تقریباً 5 فیصد کے اضافے کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ جنوری میں سب سے زیادہ 1 کروڑ 37 لاکھ مسافر سفر پر روانہ ہوئے یا پہنچے۔
قومی فضائی کمپنیوں نے اس عرصے میں عالمی نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتے ہوئے یورپ، ایشیا، افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے 15 نئے شہروں کے لیے پروازیں شروع کیں۔ ان میں روس، چیک جمہوریہ، پولینڈ، آرمینیا، قازقستان، ویتنام، کمبوڈیا، ترکی، ایران، مصر، کروشیا اور ایتھوپیا کے مقامات شامل ہیں، جس سے یو اے ای کی عالمی ہوا بازی کے مرکز کے طور پر پوزیشن مزید مضبوط ہوئی۔
معاشیات و سیاحت کے وزیر اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ قیادت کی رہنمائی میں ملک نے ہوا بازی کے شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے۔ ان کے مطابق، قومی حکمت عملیوں اور اختراعی اقدامات نے یو اے ای کو عالمی و علاقائی سطح پر ممتاز مقام دلایا ہے، جو معیشت کی مضبوطی، آمدنی کے ذرائع کی تنوع، اور تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری و روزگار کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2025 کی پہلی ششماہی کے اشاریے اس شعبے کی پائیداری اور مسابقت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے بقول، ہوا بازی یو اے ای کو دنیا سے جوڑنے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور مستقبل کے معاشی اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی نے کہا کہ قیادت کے تعاون اور رہنمائی سے فضائی شعبہ مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں اور کارگو کی آمد و رفت میں مستحکم ترقی، ترقیاتی منصوبوں اور شراکت داروں — بشمول ہوائی اڈوں، ایئر لائنز اور ایئر نیویگیشن سروسز — کے مربوط تعاون کا نتیجہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال کی پہلی ششماہی میں فضائی آمد و رفت کی تعداد 5 لاکھ 31 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.2 فیصد زیادہ ہے۔ ریاض، جدہ، کویت، ممبئی اور بحرین مصروف ترین شہروں میں شامل رہے۔
کارگو کے شعبے میں، ملک کے ہوائی اڈوں نے مجموعی طور پر 22 لاکھ ٹن سے زائد سامان سنبھالا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.74 فیصد زیادہ ہے، جبکہ اس میں قومی فضائی کمپنیوں کا حصہ 67 فیصد رہا۔