ابوظہبی میں 'لیبر پراسیکیوشن' کے قیام کا فیصلہ

ابوظبی، 13 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدراتی عدالت کے سربراہ عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان نے، اپنی حیثیت بطور چیئرمین ابو ظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ، ایک نئے فیصلے کے تحت "ابو ظہبی لیبر پراسیکیوشن" کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

اس نئی پراسیکیوشن کا قیام مزدوروں اور گھریلو ملازمین سے متعلق کیسز کی تحقیق و تفتیش اور قانونی دعووں کی نگرانی کے لیے عمل میں لایا جا رہا ہے۔

یہ اقدام ابو ظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد متخصص پراسیکیوشن یونٹس کا دائرہ کار وسیع کرنا اور عدالتی کارروائیوں کو تیز، مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے مختلف شعبوں کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور مکمل انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔

نئے فیصلے کے تحت ابو ظہبی لیبر پراسیکیوشن کو وفاقی قانون نمبر 33 (سال 2021) (مزدوروں کے کام سے متعلق تعلقات کا ضابطہ) اور وفاقی قانون نمبر 9 (سال 2022) (گھریلو ملازمین سے متعلق ضابطہ) کے تحت ابوظہبی کی حدود میں آنے والے جرائم کی تفتیش اور قانونی کارروائی کا اختیار حاصل ہو گا۔

اس پراسیکیوشن میں کم از کم چیف پراسیکیوٹر کے درجے کا ایک رکن شامل ہو گا، جس کی معاونت کے لیے کافی تعداد میں دیگر پراسیکیوشن اراکین اور متعلقہ ماہر عملہ تعینات کیا جائے گا، تاکہ مقدمات کو مؤثر انداز میں نمٹایا جا سکے۔