البانیہ میں جنگلاتی آگ: یو اے ای ریسکیو ٹیم کی بھرپور امدادی کارروائیاں

تیرانا، 13 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی ریسکیو ٹیم نے جمہوریہ البانیہ میں جنگلات میں لگنے والی آگ سے نمٹنے کے لیے البانوی حکام کے ساتھ ایک ہم آہنگی اجلاس منعقد کیا، جس کا مقصد دونوں فریقین کے درمیان فائر فائٹنگ آپریشنز میں تعاون کو فروغ دینا تھا۔

یو اے ای ریسکیو ٹیم امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے گزشتہ پیر کو البانیہ پہنچی، تاکہ آگ بجھانے کی کوششوں میں مقامی حکام کی مدد کی جا سکے۔ اجلاس کے دوران البانوی فریق کو مکمل تکنیکی و فضائی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد جانوں کا تحفظ اور املاک کو نقصان سے بچانا ہے۔

یو اے ای کی ریسکیو ٹیم نے اب تک گرامش اور گرد و نواح کے متاثرہ علاقوں میں آٹھ فضائی مشن مکمل کیے، جن کے دوران 211 مقامات پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ مجموعی طور پر 4 لاکھ کلوگرام سے زائد پانی استعمال کیا گیا، جسے اماراتی انسانی ہمدردی کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران البانوی حکام نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں یو اے ای کا ساتھ دینا قابلِ تحسین اور دل کو چھو لینے والا قدم ہے۔

حکام نے البانیہ میں موجود یو اے ای ریسکیو ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، فوری رسپانس اور متاثرہ علاقوں میں نمایاں کارکردگی کو بہت سراہا، اور کہا کہ ان کی موجودگی سے آپریشن کی رفتار اور مؤثریت میں واضح بہتری آئی ہے۔