ایئرعربیہ کا 2025 کی پہلی ششماہی میں 770 ملین درہم منافع

شارجہ، 13 اگست, 2025 (وام)--مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی سب سے بڑی کم لاگت فضائی کمپنی ایئرعربیہ نے سال 2025 کی پہلی ششماہی اور دوسرے سہ ماہی کے لیے مضبوط مالی و آپریشنل نتائج جاری کیے ہیں، جن میں نیٹ ورک کی توسیع اور مارکیٹ میں قیادت کے تسلسل کا واضح اظہار کیا گیا ہے۔

ایئرعربیہ نے دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) میں 415 ملین درہم کا خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں حاصل کردہ 427 ملین درہم سے 3 فیصد کم رہا۔ تاہم کمپنی کی مجموعی آمدنی 2 فیصد بڑھ کر 1.69 ارب درہم تک جا پہنچی۔ اس سہ ماہی کے دوران ایئرعربیہ گروپ کے مختلف آپریٹنگ ہبز سے 51 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جو پچھلے سال کی نسبت 15 فیصد اضافہ ہے۔ نشستوں کے بھراؤ کی اوسط شرح (سیٹ لوڈ فیکٹر) 6 فیصد اضافے کے بعد 85 فیصد تک جا پہنچی، جو کمپنی کی استعداد اور مانگ کا مظہر ہے۔

ایئرعربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد آلثانی کے مطابق، کمپنی نے جیوپولیٹیکل چیلنجز اور علاقائی تنازعات کے باوجود عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جن کی وجہ سے پروازوں کی منسوخی جیسے مسائل بھی پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے ان غیر معمولی حالات کا سامنا مؤثر حکمت عملی اور لچکدار آپریشنز کے ذریعے کیا، جس کی بدولت پروازوں میں ریکارڈ بھراؤ ممکن ہوا۔"

سال 2025 کے پہلے چھ ماہ (جنوری تا جون) کے دوران ایئرعربیہ کا خالص منافع 770 ملین درہم رہا، جو پچھلے سال کے 693 ملین درہم کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔ اسی عرصے میں کمپنی کی آمدنی 8 فیصد اضافے کے ساتھ 3.44 ارب درہم رہی، جبکہ مسافروں کی تعداد 13 فیصد اضافے سے 1 کروڑ 1 لاکھ (10.1 ملین) تک پہنچ گئی۔ نشستوں کا بھراؤ بھی 84 فیصد کی بلند سطح پر رہا۔

کمپنی نے رواں سال دو نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کیے، جس سے اس کا کل فضائی بیڑہ 83 ایئربس A320 اور A321 طیاروں پر مشتمل ہو گیا ہے۔ ایئرعربیہ نے اعلان کیا ہے کہ ایئربس سے آرڈر کیے گئے 120 نئے طیارے رواں سال کے اختتام سے ترسیل ہونا شروع ہو جائیں گے۔

2025 کی پہلی ششماہی میں ایئرعربیہ نے 13 نئی بین الاقوامی پروازیں متعارف کرائیں، جن میں یو اے ای، مراکش، مصر اور پاکستان کے مختلف شہروں سے روانہ ہونے والی پروازیں شامل ہیں۔

ایئرعربیہ نے ماحولیاتی، سماجی اور ادارہ جاتی ضوابط (ESG) کے حوالے سے 'MSCI ESG Ratings' میں مسلسل دوسری مرتبہ "AA" اسکور کے ساتھ 'لیڈر' کیٹیگری برقرار رکھی۔ 2024 کے ESG رپورٹ پر محدود یقین دہانی کا بیان بھی حاصل کیا گیا ہے، جو کمپنی کی شفافیت اور پائیدار ترقی سے وابستگی کی علامت ہے۔

ایئرعربیہ کو جون 2025 میں فوربز مڈل ایسٹ کی "ٹاپ 100 فہرست" میں مسلسل دوسرے سال شامل کیا گیا، جسے کمپنی کی کاروباری ساکھ اور مارکیٹ میں مقام کی توثیق قرار دیا گیا ہے۔