ابوظہبی، 13 اگست, 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے جمہوریہ مونٹی نیگرو کے وزیرِاعظم میلوجکو اسپائیچ سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران مونٹی نیگرو کے بعض علاقوں میں جنگلاتی آگ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر بھی بات چیت ہوئی۔ شیخ عبداللہ بن زاید نے ان غیر معمولی حالات میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے مونٹی نیگرو کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ یو اے ای متاثرہ علاقوں کو درکار ہر ممکن تعاون اور امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو سراہتے ہوئے مونٹی نیگرو کے عوام کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔