انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر امارات کا خدمتِ خلق سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ: شیخ ذیاب بن محمد

ابوظہبی، 18 اگست 2025 (وام)--اماراتی صدارتی عدالت میں ترقی اور شہداء کے اہل خانہ سے متعلق امور کے نائب چیئرمین، بین الاقوامی انسانی و فلاحی کونسل کے سربراہ اور ’’ارث زاید فلاحی ادارے‘‘ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کے مطابق انسانیت کی خدمت متحدہ عرب امارات کی گہری جڑوں والی روایت ہے جو امارات کے بانی مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی روشن میراث سے جڑی ہوئی ہے۔

انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت اور نائب صدر و وزیرِ اعظم شیخ منصور بن زاید النہیان کی رہنمائی میں امارات نے دنیا بھر میں بلا امتیاز، فوری امدادی رسائی اور معاونت کا قابلِ تقلید نمونہ قائم کیا ہے۔

شیخ ذیاب نے کہا کہ امارات کا انسان دوست طرزِ عمل باہمی ہمدردی اور اجتماعی کاوشوں پر پختہ یقین کا مظہر ہے جو دنیا بھر میں پائیدار امن اور انصاف پر مبنی مستقبل کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں میں خدمات انجام دینے والے اماراتی امدادی کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ رضاکار عالمی سطح پر ’’قوم کا پرچم بلند کیے ہوئے ہیں‘‘۔ اسی تناظر میں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اماراتی ادارے انسانی امداد اور ترقیاتی منصوبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

شیخ ذیاب نے زور دیا کہ یہ تمام اقدامات دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے امارات کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے بقول، امارات ہر اُس مقام پر مدد کے لیے کوشاں ہے جہاں ضرورت ہو۔

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات ہمدردی، وقار اور تعاون کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے دنیا میں امن و استحکام کے فروغ، مصیبت زدہ افراد کی بحالی اور انسانی وقار کے قیام کے مشن کو جاری رکھے گا۔