ابوظہبی سول ڈیفنس کا 'ہمارے طلبہ، ہمارا مستقبل' مہم کا آغاز، نئے تعلیمی سال کیلئے حفاظتی اقدامات پر زور

ابوظہبی، 18 اگست، 2025 (وام)--ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی نے نئے تعلیمی سال 2025-2026 کے آغاز پر ’’ہمارے طلبہ، ہمارا مستقبل‘‘ کے عنوان کے ساتھ بیک ٹو اسکول مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی ماحول کو محفوظ اور پائیدار بنانا، قیمتی جانوں اور املاک کی حفاظت کرنا اور اسکول کمیونٹی میں سلامتی اور احتیاطی تدابیر کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق مہم ایک جامع آگاہی حکمت عملی پر مبنی ہے، جو طلبہ، والدین، اساتذہ، انتظامی عملے، اسکول بسوں کے ڈرائیوروں اور نگرانوں سمیت وسیع تر کمیونٹی کو شامل کرتی ہے۔ اس مہم کے تحت ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو عالمی معیارات کے مطابق فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس کے اہم مقاصد میں طلبہ اور والدین میں حفاظتی شعور بیدار کرنا، اسکول اور بسوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دینا، اور ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت پیدا کرنا شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ مہم عمر کے مطابق تیار کردہ تعلیمی مواد کے ذریعے محفوظ رویوں کو فروغ دیتی ہے اور پیغام رسانی کے لیے میڈیا، اتھارٹی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہے۔ جن موضوعات پر زور دیا گیا ہے ان میں اسکول اور گھروں میں انخلاء کی مشقیں، دھوئیں کے سینسرز کی افادیت، برقی آلات کے محفوظ استعمال کے طریقے، آگ سے بچاؤ کی تدابیر، برہنہ تاروں سے اجتناب، آتشبازی کے خطرات اور ان کے محفوظ متبادل شامل ہیں۔

مہم کا دائرہ کار نرسری سے لے کر سیکنڈری تک تمام طلبہ، والدین، اساتذہ، انتظامی اور معاون عملے، اسکول بس ڈرائیوروں اور نگرانوں تک پھیلا ہوا ہے۔

ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی نے زور دیا کہ یہ اقدام زندگیوں اور املاک کے تحفظ کی اس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے اور اس کا مقصد اسکول کمیونٹی میں سلامتی کو روزمرہ کے طرزِ عمل کے طور پر راسخ کرنا ہے۔ اتھارٹی نے والدین اور طلبہ سمیت سب کو اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کے ڈیجیٹل مواد سے استفادہ کریں تاکہ نئے تعلیمی سال کو محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے۔