غزہ، 21 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی جانب سے فلسطینی عوام کی امداد کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے اور آج غزہ کی پٹی میں امداد کی فراہمی کے لیے 'برڈس آف گوڈنس' کے تحت 77ویں فضائی پرواز کامیابی سے مکمل کی گئی، جو کہ آپریشن ‘الفارس الشهم 3’کا حصہ ہے۔
یہ مشن اردن کی ہاشمی سلطنت کے اشتراک سے انجام دیا گیا، جس میں جرمنی، فرانس، نیدرلینڈز، سنگاپور اور انڈونیشیا نے بھی شرکت کی۔ امدادی سامان میں روزمرہ کی ضروری غذائی اشیاء شامل تھیں، جو متحدہ عرب امارات کی فلاحی تنظیموں کے تعاون سے تیار کی گئیں تاکہ غزہ میں جاری سنگین انسانی بحران کے دوران متاثرہ آبادی کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
اس نئے فضائی مشن کے مکمل ہونے کے بعد، صرف فضائی راستے سے فراہم کردہ مجموعی امداد 4,028 ٹن سے تجاوز کر چکی ہے، جس میں خوراک، طبی و بنیادی ضروریات کی اشیاء شامل ہیں۔
یہ اعداد و شمار اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے اور ان کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہا ہے۔
یہ امدادی اقدامات امارات کے اس انسانی خدمت کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں جو عالمی سطح پر متاثرہ اقوام کی بحالی اور تعاون کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔