ایکسپو اوساکا 2025: اماراتی پویلین کا تین ملین وزیٹرز کا سنگِ میل عبور، عالمی سطح پر پذیرائی کا سلسلہ جاری

اوساکا، 21 اگست، 2025 (وام)--جاپان کے شہر اوساکا میں جاری ایکسپو 2025 میں متحدہ عرب امارات کے پویلین نے تین ملین وزیٹرز کا تاریخی سنگِ میل عبور کیا ہے، جو نہ صرف اماراتی ثقافت کی مقبولیت کا مظہر ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کے وژن کی گونج کا بھی ثبوت ہے۔

اپریل 2025 کے وسط میں افتتاح کے بعد سے ہی "ارتھ ٹو ایتھر" کے عنوان سے قائم اماراتی پویلین نے خود کو کہانی سنانے، روابط قائم کرنے اور دریافت کرنے کی ایک موثر جگہ کے طور پر منوایا ہے۔ اس انوکھے تھیم کے تحت پویلین نہ صرف امارات کے قدیم ورثے کو اجاگر کرتا ہے بلکہ عالمی ترقی کی جانب اس کی مستقبل بین سوچ کو بھی پیش کرتا ہے۔

تین ملین وزیٹرز کے سنگِ میل پر پویلین کی ٹیم نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آنے والے مہمانوں سے براہِ راست رابطہ قائم کیا، اور اس مشترکہ سفر پر غور و فکر کیا۔
اس روز پہنچنے والے تمام مہمانوں کا روایتی اماراتی گرمجوشی اور مہمان نوازی سے استقبال کیا گیا، وہی خوبی جس نے اس پویلین کو ایکسپو کا پسندیدہ ترین مقام بنا دیا ہے۔

پویلین کی کامیابی میں یوتھ ایمبیسیڈرز اور پوری ٹیم نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ان نوجوانوں نے اماراتی کہانیوں کو زندگی بخشی، مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے وزیٹرز کے ساتھ مکالمہ کو فروغ دیا، اور حقیقی ثقافتی تبادلے کو ممکن بنایا۔
ان کی توانائی، بصیرت اور مہمان نوازی ہی وہ عوامل ہیں جنہوں نے پویلین کے تجربے کو متاثرکن بنایا۔

جاپان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور ایکسپو میں پویلین کے کمشنر جنرل شہاب الفہیم نے کہاکہ، “تین ملین وزیٹرز تک پہنچنا ایک شاندار سنگِ میل ہے۔ یہ صرف ایک عدد نہیں بلکہ اس عالمی سطح پر امارات کے پیغام کی مقبولیت اور انسانیت کے لیے مشترکہ امیدوں کی عکاسی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں مزید لوگ اس منفرد تجربے سے مستفید ہوں۔”

"ارتھ ٹو ایتھر ڈیزائن کلیکٹیو" کی تخلیق کردہ یہ عمارت، جو امارات، جاپان اور بین الاقوامی شراکت داروں کا مشترکہ پراجیکٹ ہے، اپنے ماحول دوست ڈیزائن اور طاقتور کہانیوں کی بدولت عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

پویلین کی 90 ستون زرعی کھجور کی باقیات سے تیار کی گئی ہیں، جو اماراتی ورثے کی علامت کھجور کے درخت سے متاثر ہیں۔

پویلین میں آنے والے مہمان پانچ موضوعاتی زونز سے گزرتے ہیں، جو خلائی تحقیق، صحت میں جدت، پائیدار ٹیکنالوجی اور ثقافتی ورثے پر مشتمل ہیں۔

تفاعلی تنصیبات، حسی تجربے اور بیانیہ بہاؤ کی بدولت وزیٹرز کو ایک دلکش اور ذہن نشین تجربہ فراہم کیا جاتا ہے۔

پویلین ایک ثقافتی مرکز کے طور پر بھی سامنے آیا ہے، جہاں روزانہ ماہرین کے لیکچرز، تخلیقی ورکشاپس، اماراتی کھانوں کی جھلکیاں اور فنکارانہ پرفارمنسز پیش کی جاتی ہیں۔
بہت سے مہمانوں نے ایک سے زائد بار پویلین کا دورہ کیا، جو اس کے دیرپا تاثر اور بین الثقافتی روابط کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ایکسپو 2025 اپنے اختتام یعنی 13 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گا، اور اماراتی پویلین ہر وزیٹر کو اپنی اقدار، ثقافت اور مشترکہ ترقی کے وژن سے روشناس کرانے کے لیے پُرتپاک انداز میں خوش آمدید کہتا ہے۔