لوانڈا، 25 اگست، 2025 (وام)--ابوظہبی پورٹس گروپ اور برجیل ہولڈنگز کے مشترکہ منصوبے ‘ڈاک ٹور’ (DOCKTOUR) نے انگولا کے شعبہ صحت کو بڑا سہارا فراہم کرتے ہوئے 8 لاکھ ضروری ادویات عطیہ کی ہیں۔ اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان صحت عامہ کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ قیمتی ادویات، جن میں اہم اینٹی بایوٹکس، درد کش ادویات اور دائمی امراض کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوائیں شامل ہیں، وزارتِ صحت انگولا کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر انگولا کی وزیر صحت ڈاکٹر سلویہ لوٹوکوتا، متحدہ عرب امارات کے معزز مہمان، ابوظہبی پورٹس گروپ کے ریجنل سی ای او محمد عیدہ المنہالی اور برجیل ہولڈنگز کے شریک سی ای او صفیر احمد بھی موجود تھے۔ تقریب نے دونوں ممالک کی اس مشترکہ عزم کو اجاگر کیا کہ صحت کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جائے۔
ڈاکٹر سلویہ لوٹوکوتا نے کہا کہ، ’’ہم اس فراخدلانہ تعاون پر شکر گزار ہیں۔ انگولا اور یو اے ای کا ایک مشترکہ وژن ہے کہ صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے، اور آج کا عطیہ اسی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘ ان کے مطابق اس اقدام سے وہ ادویات ان کمیونٹیز تک پہنچیں گی جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
عطیہ کی گئی ادویات معدے کی بیماریوں، ذیابیطس، بیکٹیریائی انفیکشنز، الرجی، ہائی بلڈ پریشر اور قلبی امراض کے علاج میں استعمال ہوتی ہیں، جو انگولا کے لیے صحت عامہ کے بڑے چیلنجز میں سے ہیں۔
برجیل ہولڈنگز کے شریک سی ای او صفیر احمد نے کہا کہ، ’’ہم افریقہ بھر میں صحت تک رسائی بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈاک ٹور کے ذریعے ہم صرف ادویات ہی نہیں بلکہ امید اور اعتماد بھی پہنچا رہے ہیں۔ یہ تعاون انگولا کی وزارت صحت کے ساتھ مل کر صحت کے خلا کو پُر کرنے اور دیرپا اثرات مرتب کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ڈاک ٹور منصوبہ براعظم افریقہ میں لاجسٹکس، ماڈیولر انفراسٹرکچر، تربیت اور ہنگامی ردعمل کو یکجا کرنے والا ایک جامع پلیٹ فارم ہے، جو متحدہ عرب امارات کے اس وسیع تر وژن کا حصہ ہے جس کے تحت پائیدار ترقی کو فروغ دینا اور شراکت دار ممالک میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔