ابوظہبی ایکسپورٹس آفس کا انگولا میں 445 ملین درہم کے منصوبوں پر تعاون، ڈیجیٹل و سبز انفراسٹرکچر کی ترقی پر توجہ

ابوظہبی، 25 اگست، 2025 (وام)--ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے تجارتی بازو ابوظہبی ایکسپورٹس آفس (ADEX) نے کہا ہے کہ قومی برآمدات کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل اور سبز انفراسٹرکچر میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری جاری رکھی جائے گی۔ ادارے کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف انگولا کی ترقی میں مددگار ہیں بلکہ اماراتی کمپنیوں کی عالمی موجودگی کو بھی مزید تقویت فراہم کرتے ہیں۔

اس تناظر میں فروری 2023 میں 'ADEX' نے حکومتِ انگولا کے ساتھ 445 ملین درہم مالیت کے دو فنانسنگ معاہدے کیے۔ پہلا معاہدہ، جس کی مالیت 330 ملین درہم ہے، کے تحت اماراتی کمپنی پری سائٹ جدید ترین دو ڈیٹا سینٹرز اور ایک نیشنل کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم قائم کرے گی۔ دوسرا معاہدہ 115 ملین درہم کا ہے، جس کے ذریعے مارک کیبلز کے تعاون سے کئی شہروں میں توانائی بچانے والے جدید اسٹریٹ لائٹنگ سسٹمز نصب کیے جائیں گے۔ یہ منصوبے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اور اتحاد کریڈٹ انشورنس کے تعاون سے مالی تحفظ کے ساتھ ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ ان کی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور 'ADEX' کی ایکسپورٹس ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین محمد سیف السویٴدی نے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف ترقیاتی اثرات مرتب کرتے ہیں بلکہ اماراتی کمپنیوں کے لیے نئی منڈیوں کے دروازے بھی کھولتے ہیں۔ ان کے مطابق 'ADEX' اور انگولا کا اشتراک دونوں ممالک کے پائیدار ترقی اور اقتصادی نمو کے مشترکہ وژن کو ظاہر کرتا ہے، جو باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بناتا ہے۔

'ADEX' کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں انگولا میں امارات کے اس عزم کو اجاگر کرتی ہیں کہ وہ افریقہ کے ساتھ معاشی تعاون کو وسعت دے اور قومی کمپنیوں کو مربوط مالیاتی سہولیات فراہم کر کے انہیں اعتماد کے ساتھ عالمی منڈیوں تک رسائی دلوائے۔