عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کی غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

قاہرہ، 25 اگست، 2025 (وام)--عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی فضائی حملوں کو نہایت شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر میڈیکل کمپلیکس پر حملہ دراصل شہریوں کے خلاف منظم جرائم کی ایک اور کڑی ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 5 صحافی بھی شامل تھے۔

ابو الغیط نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 12 سے زائد صحافیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک سیکڑوں صحافی ہلاکتوں اور زخمیوں میں شامل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا مقصد حقیقت کو مٹانا اور ہر اُس آزاد آواز کو خاموش کرنا ہے جو غزہ میں جاری مظالم کو دنیا کے سامنے لا رہی ہے۔

سیکرٹری جنرل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ’’اس مجرمانہ خاموشی‘‘ کو توڑے اور اسرائیل کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہی بھوک اور غذائی قلت کے باعث 11 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جو انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔