صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کے جمہوریہ انگولا کے سرکاری دورے کے موقع پر وزیر مملکت شخبوت بن نہیان النہیان کا بیان

ابوظہبی، 25 اگست، 2025 (وام)--وزیر مملکت عزت مآب شیخ شخبوت بن نہیان النہیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کا سرکاری دورہ انگولا، متحدہ عرب امارات کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت افریقہ کے ساتھ دیرینہ دوستی اور باہمی احترام کی بنیاد پر مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی جا رہی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور افریقی ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ نمایاں طور پر گہرے ہوئے ہیں اور یہ تعلقات تعمیری تعاون کی ایک عملی مثال بن چکے ہیں۔ توانائی کے پائیدار ذرائع، غذائی تحفظ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، ڈیجیٹل تبدیلی اور صحت جیسے کلیدی شعبوں میں امارات کی سرمایہ کاری اور منصوبوں نے افریقہ کی ترقیاتی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

شیخ شخبوت بن نہیان نے کہا کہ صدر امارات کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کو مزید تقویت دیتا ہے۔ یہ موقع اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ حالیہ عرصے میں انگولا افریقی یونین کی صدارت کر رہا ہے، جس کے تناظر میں تعاون کے وسیع مواقع سامنے آتے ہیں اور مشترکہ ترجیحات پر بامعنی پیش رفت کی راہیں کھلتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات انگولا کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو وہ افریقہ کی عالمی سطح پر نمائندگی کرتے ہوئے ادا کر رہا ہے، چاہے وہ افریقی یونین ہو، جی-20 ہو یا دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز۔ اس تناظر میں دونوں ممالک کے قریبی تعلقات پر ہمیں فخر ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ یہ دورہ بلاشبہ ایک تاریخی موڑ کی حیثیت رکھتا ہے جو نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے بلکہ افریقہ کی پائیدار ترقی کے لیے امارات کے دیرپا عزم کی بھی تجدید کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دے کر ہم مشترکہ ترقی و خوشحالی کے خواب کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔