عجمان میں نیا محکمہ سیاحت، ثقافت و میڈیا قائم، شیخ عبدالعزیز بن حمید النعیمی چیئرمین مقرر

عجمان، 26 اگست، 2025 (وام)--سپریم کونسل کے رکن اور عجمان کے حکمران عزت مآب شیخ حمید بن راشد النعیمی نے نیا قانون نمبر (2) برائے 2025 جاری کرتے ہوئے محکمہ سیاحت، ثقافت و میڈیا اجمان کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس نئے ادارے کے چیئرمین کے طور پر شیخ عبدالعزیز بن حمید النعیمی کو مقرر کیا گیا ہے۔

قانون کے تحت نیا محکمہ محکمہ ترقی سیاحت اجمان اور محکمہ ثقافت و میڈیا اجمان کی جگہ لے گا اور ان کے تمام اختیارات و ذمہ داریاں سنبھالے گا۔ دونوں سابقہ محکموں کے لیے 2025 کے بجٹ میں رکھی گئی مالیاتی گرانٹس بھی نئے ادارے کو منتقل کر دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام ملازمین کو ان کے موجودہ مالی حقوق اور مراعات کے ساتھ اسی محکمے میں ضم کر دیا گیا ہے۔

حاکم اجمان نے امیری فرمان نمبر (15) برائے 2025 کے تحت محمود الہاشمی کو محکمے کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا ہے۔ نئے محکمے کا مقصد سیاحت، ثقافت اور میڈیا کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے جامع قانونی ڈھانچہ تشکیل دینا، عالمی رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ رہنا اور پیشہ ورانہ و اخلاقی معیارات کو یقینی بنانا ہے۔ یہ محکمہ اجمان کی پوزیشن کو ان شعبوں میں مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم کرنے پر بھی کام کرے گا۔

قانون کے مطابق محکمہ کا ہیڈکوارٹر اجمان شہر میں ہوگا، جبکہ چیئرمین ایگزیکٹو کونسل کی منظوری سے اندرون یا بیرونِ امارت مزید شاخیں بھی قائم کی جا سکیں گی۔

نیا محکمہ سیاحت کے شعبے میں پالیسی سازی، ایونٹس کا انعقاد، لائسنسنگ، سہولتوں کی درجہ بندی، امارت کی تشہیر اور سرمایہ کاری کے فروغ جیسے امور سنبھالے گا۔ ثقافت کے میدان میں ورثے کا تحفظ، میوزیمز اور تاریخی مقامات کی دیکھ بھال، فنون اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی، اور ثقافتی شناخت کا تحفظ شامل ہوگا۔ میڈیا کے شعبے میں ادارہ میڈیا سرگرمیوں کو منظم کرے گا، لائسنس جاری کرے گا، مواد کی نگرانی کرے گا، سرمایہ کاری کو فروغ دے گا اور پالیسی سازی میں کردار ادا کرے گا۔

قانون کے تحت سابقہ دونوں محکموں سے متعلق تمام قوانین منسوخ کر دیے گئے ہیں، تاہم موجودہ ضوابط اس وقت تک نافذ رہیں گے جب تک کہ نئے قانون کے مطابق متبادل ضوابط جاری نہیں ہو جاتے۔ یہ قانون اپنی اشاعت کے 90 روز بعد نافذ العمل ہوگا اور امارت کے سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔