ابوظہبی میں 22واں شکار و گھڑسواری میلہ 30 اگست سے شروع، تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن متوقع

ابوظہبی، 26 اگست، 2025 (وام)--الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے اور ایمریٹس فالکنرز کلب کے چیئرمین، عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کی سرپرستی میں ’’ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکویسٹرین ایگزیبیشن‘‘ 'ADIHEX 2025' کا 22واں ایڈیشن 30 اگست سے 7 ستمبر تک ایڈنیک سینٹر ابوظہبی میں منعقد ہوگا۔ منتظمین کے مطابق یہ ایڈیشن 2003 میں آغاز کے بعد سے سب سے بڑا ہوگا اور روزانہ صبح 11 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔ اس نمائش کو ایڈنیک گروپ اور فالکنرز کلب کے تعاون سے منظم کیا جا رہا ہے۔

نمائش کو خطے اور دنیا کی سب سے بڑی تقریبات میں شمار کیا جاتا ہے جو 15 مختلف شعبوں کو محیط ہے اور جس میں عالمی معیار کا ساز و سامان اور جدید ٹیکنالوجی پیش کرنے والی مقامی و بین الاقوامی کمپنیوں کی ریکارڈ شرکت متوقع ہے۔ اس حوالے سے ابوظہبی میں پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں فالکنرز کلب کے سیکریٹری جنرل ماجد علی المنصوری، ایڈنیک گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او حمید الظاہری اور ایونٹ ڈائریکٹر سعد الحسنی شریک ہوئے۔

اس موقع پر ماجد المنصوری نے کہا کہ یہ میلہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی اور شیخ زاید کے ورثے کو محفوظ رکھنے کے ویژن کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق یہ نمائش صرف کھیل یا شوق تک محدود نہیں بلکہ ثقافت، ورثے اور ماحولیات کے فروغ کا بھی ایک مرکزی پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک دو ملین سے زائد افراد 125 ممالک سے اس میں شرکت کر چکے ہیں، جبکہ گزشتہ ایڈیشن میں ’’ADIHEX Falcon Badge‘‘ جیسی منفرد پہل متعارف کرائی گئی تھی۔

اس برس کا نیا نعرہ ’’The Legacy Lives On‘‘ رکھا گیا ہے تاکہ یہ واضح ہو کہ اماراتی ثقافت اور ورثے کو جدید اختراعات کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ نمائش میں مقامی و عالمی ادارے شامل ہوں گے اور نئے شعبے متعارف کرائے گئے ہیں جن میں کیمل سیکٹر، عربی سالوکی سیکٹر، نائفز سیکٹر اور سوک ایریا شامل ہیں۔

حمید الظاہری کے مطابق اس بار شریک برانڈز اور اداروں کی تعداد 2,068 تک پہنچ گئی ہے جو 2024 کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ نمائش کی مجموعی جگہ بھی سات فیصد بڑھ کر 92 ہزار مربع میٹر کر دی گئی ہے جبکہ ممالک کی تعداد 68 تک پہنچ گئی ہے جن میں 11 نئے ملک پہلی بار شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار آٹھ فالکن نیلامیاں ہوں گی، چار ایونٹ سے پہلے اور چار نمائش کے دوران۔ کمیونٹی ایونٹس کی تعداد بھی بڑھا کر 21 کر دی گئی ہے اور فالکن فارمز کی شمولیت چار گنا بڑھ کر 46 تک جا پہنچی ہے۔

ایڈنیک گروپ کے مطابق یہ نمائش ابوظہبی کی عالمی ساکھ کے مطابق ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہو رہی ہے جو ورثے، ثقافت، ماحولیات اور معیشت کو یکجا کرتا ہے۔ یہ نمائش نہ صرف تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہے بلکہ بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی اپنی شراکت داری بڑھانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

سعد الحسنی نے کہا کہ اس سال 'ADIHEX' میں جدت اور ورثے کا حسین امتزاج پیش کیا جائے گا۔ ان کے مطابق 46 مقامی و بین الاقوامی فالکن فارمز کی شمولیت کے ساتھ ساتھ نو نئی خصوصیات بھی متعارف ہوں گی جن سے نمائش میں دلچسپی بڑھ جائے گی۔ ہنٹنگ ٹورازم، ایکویسٹرین، ویٹرنری، ثقافتی ورثے کے تحفظ، آرٹس اینڈ کرافٹس، فشینگ و میری ٹائم اسپورٹس، کیمپنگ اور آؤٹ ڈور لائف اسٹائل جیسے شعبے اس بار زائرین کو منفرد تجربہ فراہم کریں گے۔

منتظمین کے مطابق 'ADIHEX 2025' ایک ہمہ جہت پلیٹ فارم ہوگا جہاں شائقین اور ماہرین نہ صرف شکاری کھیلوں، فالکنری اور گھڑسواری کا لطف اٹھا سکیں گے بلکہ خریداری، نیلامی، ورکشاپس اور مختلف مقابلوں میں شرکت کے ذریعے منفرد تجربات حاصل کر سکیں گے۔