ابوظہبی، 26 اگست 2025 (وام)-- خلیفہ پورٹ ‘کیزاد’ ابوظہبی پر آج ’’حمدان ہیومینیٹیرین شپ 9‘‘ پر امدادی سامان لوڈ کرنے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔ تیاری مکمل ہونے کے بعد یہ جہاز مصر کی العریش بندرگاہ کے لیے روانہ ہوگا، جہاں سے سامان کو غزہ کی پٹی منتقل کیا جائے گا۔ یہ اقدام فلسطینی عوام کی معاونت کے لیے متحدہ عرب امارات کی جاری انسانی ہمدردی مہم ‘آپریشن الفارس الشهم 3’ کا حصہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق جہاز پر سات ہزار ٹن سے زائد انسانی ہمدردی اور ریلیف کا سامان لادا جا رہا ہے جس کا مقصد غزہ کے شہریوں کی مشکلات کم کرنا اور مشکل حالات میں ان تک بنیادی ضروریات پہنچانا ہے۔ اس کھیپ میں کھانے پینے کی مختلف اشیاء، فوری استعمال کے لیے تیار کھانے کے پیکٹ، کمیونٹی کچن کے لیے سامان، پانچ ایمبولینسز اور صحت کے شعبے کی معاونت کے لیے اضافی وسائل شامل ہیں۔
یہ ہنگامی اقدام الظفرہ ریجن میں حکمراں کے نمائندے اور اماراتی ہلالِ احمر کے چیئرمین، عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کی ہدایات پر عمل درآمد کے طور پر کیا جا رہا ہے تاکہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ یہ اقدام امارات کے اس مستقل انسانی ہمدردی کے رویے کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ضرورت مندوں تک امداد پہنچائی جاتی ہے اور فلاحی اداروں کے تعاون سے ریلیف سرگرمیوں کو مزید مستحکم بنایا جاتا ہے۔