دبا الحصن میں ’’المالح و ماہی گیری فیسٹیول‘‘ کا آغاز

شارجہ، 27 اگست، 2025 (وام)--شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام ’’المالح و ماہی گیری فیسٹیول‘‘ کا بارہواں ایڈیشن جمعرات کی شام دبا الحصن میں شروع ہوگا جو اکتیس اگست تک جاری رہے گا۔ یہ چار روزہ میلہ ’’حصن آئی لینڈ‘‘ پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

فیسٹیول میں مختلف سرکاری اداروں، نجی کمپنیوں، تاجروں اور مقامی خاندانوں کی بھرپور شمولیت متوقع ہے جو ’’المالح‘‘ (نمکین مچھلی) کی صنعت سے وابستہ ہیں۔ اس موقع پر سمندری ماہی گیری کی اقتصادی و ثقافتی اہمیت اجاگر کی جائے گی اور امارات کی روایتی بحری صنعتوں کو محفوظ رکھنے کی کوششیں سامنے لائی جائیں گی۔

اس برس کے ایونٹ میں ماہی گیری سے متعلق سرکاری اداروں، معروف نجی کمپنیوں اور مقامی پیدا کنندگان کی نمایاں شرکت ہو رہی ہے۔ فیسٹیول گھریلو صنعتوں کو بھی سہارا دے رہا ہے، جو امارات کے ’’2025ء: سالِ کمیونٹی‘‘ کے اقدام سے ہم آہنگ ہے۔

منتظمین کے مطابق یہ میلہ نہ صرف اماراتی آبا و اجداد کی سمندری روایات کو زندہ رکھنے کا ذریعہ ہے بلکہ نئی نسل کو ماہی گیری، نمکین سازی، ڈبہ بندی اور ’’المالح‘‘ تیار کرنے جیسے قدیم ہنر منتقل کرنے میں بھی مددگار ہے۔

فیسٹیول کو مشرقی شارجہ کے خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہارا دینے اور جدید و قدیم صنعتکاروں کے درمیان شراکت داری بڑھانے کا اہم ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سیاحت اور مقامی تجارت کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگا۔

شارجہ چیمبر کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ ان کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کو سماجی ترقی سے جوڑا جا رہا ہے۔ اس طرح روایتی ورثے کو مستقبل کے اقتصادی مواقع سے ہم آہنگ کر کے پائیدار ترقی کی ایک مثال قائم کی جا رہی ہے۔

اہم کشش میں مرکزی ’’المالح مارکیٹ‘‘ شامل ہے جہاں اعلیٰ معیار کی نمکین مصنوعات پیش کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ زرعی اجناس، جدید ماہی گیری کے آلات، انجن اور کشتیاں بھی نمائش میں شامل ہیں، جبکہ مہمانوں کے لیے ایک خصوصی گوشہ بنایا گیا ہے جہاں روایتی اماراتی کھانوں سے تواضع کی جائے گی۔