البانیا میں جنگلاتی آگ بجھانے کیلئے اماراتی ریسکیو ٹیم کی بھرپور کارروائیاں

تیرانہ، 27 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی ریسکیو ٹیم البانیا کے مختلف علاقوں میں بھڑکنے والی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل سرگرم ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ٹیم کی آمد کے بعد اب تک 27 فضائی آپریشنز کیے جا چکے ہیں، جن میں دو ’’بلیک ہاک‘‘ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے 680 مقامات پر پانی برسایا گیا۔ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار دو سو اکسٹھ ٹن پانی استعمال ہوا جس کے نتیجے میں آگ کے پھیلاؤ کو روکنے میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔

انتہائی بلند درجہ حرارت اور دشوار جغرافیائی حالات کے باوجود یہ غیر معمولی کوششیں جاری ہیں۔ آپریشنز البانوی حکام کے ساتھ قریبی تعاون اور مسلسل رابطے کے ذریعے انجام دیے جا رہے ہیں۔

ابتدائی کارروائیاں گرامش اور بالولی کے جنگلات کے علاوہ ساحلی شہر ولورا اور دیگر علاقوں میں شروع کی گئی تھیں۔ یہ اقدامات صدرِ امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں تاکہ البانیا کو جنگلاتی آگ پر قابو پانے میں مدد فراہم کی جا سکے۔

مزید برآں، اماراتی ٹیم اور البانوی حکام کے درمیان رابطہ اجلاس جاری ہیں جن میں آگ بجھانے کی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، جل چکے مقامات کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ آگ دوبارہ بھڑکنے سے روکی جا سکے۔