دبئی، 28 اگست، 2025 (وام)--دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیرِ دفاع، شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے تعلیمی سال 2024-25ء میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ہائی اسکول طلبہ کو مبارکباد دی ہے۔
دبئی کے ٹاپ اچیورز ریکگنیشن اینڈ سپورٹ پروگرام کے تحت سرکاری و نجی اسکولوں کے 40 اماراتی اور غیر ملکی طلبہ کو ان کی شاندار تعلیمی کامیابیوں پر اعزاز سے نوازا گیا۔ ان طلبہ نے وزارتِ تعلیم کے نصاب کے ساتھ ساتھ امریکی، برطانوی اور انٹرنیشنل بیکالوریٹ (IB) نصاب میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
شیخ حمدان نے طلبہ کو ذاتی پیغامات بھیجے جن میں ان کی کامیابیوں کو دبئی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ نہ صرف اپنی جماعتوں میں بلکہ زندگی کے ہر میدان میں بہترین کارکردگی دکھا کر دبئی کے روشن مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے طلبہ کے والدین کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کامیابیوں کے پیچھے بچوں کی محنت کے ساتھ والدین کی حوصلہ افزائی اور تعاون شامل ہے، جو دبئی کے مستقبل کے لیے ایک مثبت نمونہ ہے۔
یہ پروگرام دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ انسانوں میں سرمایہ کاری ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اماراتی اور مقیم ہونہار طلبہ کو اعزاز دینا، تعلیمی کارکردگی کو فروغ دینا اور نوجوان ٹیلنٹ کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ قیادت اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ ہو کر دبئی کے ترقیاتی ماڈل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
پروگرام کے تحت اماراتی ہونہار طلبہ کو مقامی اور بین الاقوامی وظائف فراہم کیے جائیں گے جبکہ غیر ملکی طلبہ کے لیے دبئی کے بین الاقوامی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں رعایتی سہولتیں دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو ’’گولڈن ویزا‘‘ تک ترجیحی رسائی بھی دی جائے گی۔