بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط، وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی الزیودی کی ممبئی میں اہم ملاقاتیں

ممبئی، 31 اگست 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امارات کے اقتصادی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وہ ممبئی کے دورے پر بھارتی وزیر صنعت و تجارت شری پیوش گوئل سے ملاقات اور بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر الزیودی اور پیوش گوئل کے درمیان ملاقات میں 2022ء سے نافذ العمل امارات۔بھارت جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سیپا) کے نتائج اور ان شعبوں پر بات چیت کی گئی جو مارکیٹ تک زیادہ مؤثر رسائی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ بعد ازاں وزیر امارات نے لاجسٹکس، زراعت، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (CII)، فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FICCI) اور (ASSOCHAM) کے زیر اہتمام بزنس راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد تجارتی ترجیحات میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع بڑھانا تھا۔

وزیر امارات نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات نہایت مضبوط ہیں اور براہِ راست مکالمہ باہمی تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیپا معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینے، صنعتی پیداوار میں اضافہ کرنے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا ذریعہ بنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025ء کی پہلی ششماہی میں دونوں ملکوں کے درمیان غیر تیل تجارتی حجم 37.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33.9 فیصد اضافہ ہے اور 2022ء میں طے کردہ اہداف کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔

دورے کے دوران ڈاکٹر الزیودی نے بحارت مارٹ منصوبے پر بھی بریفنگ لی، جو جبل علی فری زون (JAFZA) میں 27 لاکھ مربع فٹ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ ڈی پی ورلڈ کے تحت چلایا جا رہا ہے اور اس کا مقصد بھارتی صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کو اپنے مصنوعات نمائش کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور یورپ کی منڈیوں تک آسان رسائی حاصل کر سکیں۔

مزید برآں، وزیر امارات نے فارماسیوٹیکل اور فوڈ انڈسٹری کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں نے برآمدات کی کارکردگی کا جائزہ لیا، موجودہ مسائل پر بات کی، تجارتی تعاون بڑھانے کے نئے مواقع تلاش کیے اور باہمی شراکت کے امکانات پر غور کیا۔

دورے کے اختتام پر ڈاکٹر الزیودی نے بھارتی بزنس اور انڈسٹری رہنماؤں کے ساتھ ایک عشائیہ میں بھی شرکت کی، جس نے نجی شعبے کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دیا۔ یہ دورہ اس امر کی واضح جھلک ہے کہ دونوں ممالک اقتصادی ترقی اور باہمی خوشحالی کے لیے قریبی تعاون پر پُرعزم ہیں۔