ابوظہبی، یکم ستمبر 2025 (وام)--ابوظہبی محکمہ برائے اقتصادی ترقی اور رائٹرز کے اشتراک سے پہلی ’’رائٹرز نیکسٹ گلف سمٹ‘‘ 22 اکتوبر 2025 کو ابوظہبی کے سینٹ ریجس سعدیات آئی لینڈ ریزورٹ میں منعقد کی جائے گی۔
یہ بین الاقوامی سطح کا فورم دنیا بھر سے سرکاری، تجارتی، مالیاتی، سماجی، ثقافتی، اکیڈمک اور میڈیا کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو ایک جگہ جمع کرے گا، تاکہ وہ دنیا کو درپیش اہم چیلنجز اور مواقع پر مکالمہ کر سکیں۔
ابوظہبی محکمۂ اقتصادی ترقی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ شراکت داری اقتصادی ترقی و تنوع کو تیز کرنے کے جاری اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں خیالات، تجربات اور مستقبل کے امکانات پر کھل کر بات ہو سکے۔
سمٹ میں دنیا بھر سے 500 سے زائد عالمی قائدین، ماہرینِ معیشت، چیف ایگزیکٹوز اور اختراعی رہنما شرکت کریں گے۔ ایجنڈا میں جیو پولیٹکس، معیشت و منڈیاں، بینکاری و مالیات، ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت، ماحولیاتی تبدیلی و پائیداری، اور کاروباری قیادت جیسے چھ مرکزی موضوعات شامل ہوں گے۔
ابتدائی طور پر جن ممتاز مقررین کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر انور محمد قرقاش، صدرِ امارات کے سفارتی مشیر شامل ہیں، جبکہ یونان کے وزیر خارجہ یورگوس جیریپیٹریٹس اور نائیجیریا کے وزیر خارجہ یوسف میتاما ٹوگار بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات کی اسسٹنٹ وزیر برائے سیاسی امور اور وزیر خارجہ کی ایلچی لانا زاکی نسیبہ، ایماار گروپ کے بانی و چیئرمین محمد العبار، ڈیجیٹل اثاثوں کی عالمی سطح کی سرمایہ کاری کمپنی ہیش کیپیٹل کے سی ای او ڈینگ چاؤ، اور مشرق وسطیٰ میں ٹیکنالوجی پر مرکوز سب سے بڑی وینچر کیپیٹل فرم "سعودی ٹیکنالوجی وینچرز" (ایس ٹی وی) کے بانی و سی ای او عبدالرحمٰن تراب الزونی بھی مقررین میں شامل ہیں۔
رائٹرز کے صدر پال باسکوبرٹ نے کہا کہ حقائق کی فراہمی رائٹرز کا بنیادی فریضہ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غلط معلومات کے اس دور میں غیر جانبدار، سچ پر مبنی اور ایجنڈا سے پاک معلومات فراہم کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ عالمی مسائل کے حل کی جانب پیش رفت ممکن ہو۔
ابوظہبی محکمہ برائے اقتصادی ترقی کے چیئرمین احمد جاسم الزعابی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ابوظہبی اس عالمی معیار کے ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ ان کے مطابق کھلے مکالمے اور باہمی تعاون ہی موجودہ عالمی چیلنجز کا مؤثر حل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’فالکن اکانومی‘‘ ابوظہبی کو ایک عالمی اقتصادی مرکز میں تبدیل کرنے کے سفر میں راہنمائی کر رہی ہے، جہاں مالیاتی خدمات، جدید صنعتوں، مصنوعی ذہانت، تجارت، لاجسٹکس اور نئی توانائیوں جیسے شعبوں میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ سمٹ رائٹرز نیکسٹ سیریز کا حصہ ہے جو 2019 سے عالمی سطح پر ایک باوقار پلیٹ فارم کے طور پر ابھری ہے۔ اس کے سیشنز دنیا بھر میں لاکھوں ناظرین تک نشر کیے جائیں گے۔