البانیا کے جنگلات میں آگ بجھانے کا مشن مکمل، اماراتی ٹیم کی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا گیا

تیرانہ، یکم ستمبر 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کی امدادی ٹیم نے البانیا میں لگنے والی ہولناک جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے مشن کی کامیاب تکمیل کے بعد اپنی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔ اماراتی ٹیم نے کئی ہفتے متاثرہ علاقوں میں قیام کرتے ہوئے نہ صرف جدید فائر فائٹنگ ٹیکنالوجی استعمال کی بلکہ تجربہ کار عملے، طیاروں اور امدادی سامان کے ذریعے بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دیں ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے ترجمان محمد الشریف کے مطابق اماراتی ٹیم نے 700 سے زائد پانی کے چھڑکاؤ کی فضائی کارروائیاں کیں جن میں مجموعی طور پر 1,300 ٹن سے زائد پانی اور آگ بجھانے والے کیمیکل استعمال کیے گئے۔ یہ تمام سرگرمیاں 28 فضائی مشنوں کے ذریعے مکمل کی گئیں۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ اس مشن میں امارات کا کردار نہ صرف انسانی ہمدردی کی عالمی کوششوں کا مظہر ہے بلکہ یہ دونوں ممالک — امارات اور البانیا — کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

یہ امدادی مہم صدرِ امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر 12 اگست کو ان علاقوں میں شروع کی گئی تھی جہاں آگ نے شدید تباہی مچائی تھی، جن میں کرابے، بالولی اور وولورے کا ساحلی علاقہ شامل ہے۔

البانیا کی حکومت نے اس مشن میں شریک تمام بین الاقوامی ٹیموں کو ایک باوقار تقریب میں خراجِ تحسین پیش کیا، جس میں وزیراعظم ایڈی راما اور اعلیٰ عسکری قیادت بھی موجود تھی۔

البانوی حکام نے نہ صرف اپنی قومی افواج اور رضاکاروں کے کردار کو سراہا بلکہ بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر سے ملنے والی مدد مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔