ابوظہبی، یکم ستمبر، 2025 (وام)--امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات نے افغانستان کے مشرقی علاقوں میں آنے والے ہولناک زلزلے کے متاثرین کے لیے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی، نیشنل گارڈ اور جوائنٹ آپریشنز کمانڈ پر مشتمل ایک خصوصی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ہنگامی بنیادوں پر افغانستان روانہ کی گئی ہے تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا سکے اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
اس کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کی جانب سے خوراک، ادویات اور خیموں سمیت اہم امدادی سامان بھی روانہ کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کو سہارا دیا جا سکے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام امارات کے اُس انسانی مشن کا حصہ ہے جو دنیا بھر میں قدرتی آفات اور سانحات کے موقع پر فوری امداد فراہم کرنے کے لیے جاری رکھا جاتا ہے۔ امارات نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مشکل حالات میں متاثرہ اقوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔