ریاض، 3 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خطے اور عالمی سطح پر پیش آنے والے اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی و سلامتی چیلنجز زیرِ بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی جامع اور منصفانہ امن عمل ناگزیر ہے۔
سعودی ولی عہد نے اماراتی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
ملاقات میں اماراتی وفد کے ساتھ شریک رہنماؤں اور عہدیداروں میں ابوظہبی کے نائب حکمران اور مشیرِ قومی سلامتی شیخ تحنون بن زاید النہیان، ڈپٹی چیئرمین صدارتی کورٹ برائے خصوصی امور شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن تحنون النہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکریٹری جنرل علی بن حمد الشامسی، وزیر سرمایہ کاری محمد بن حسن السویدی، صدر دفتر برائے اسٹریٹجک امور و ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی، اور سعودی عرب میں متحدہ عرب امارات کے سفیر شیخ نھیان بن سیف النہیان شامل تھے۔
دوسری جانب سعودی حکام میں وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز، وزیر نیشنل گارڈ شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ، اور وزیر مملکت، رکن کابینہ و مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان موجود تھے۔
بعد ازاں، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رخصت ہوتے وقت اماراتی صدر کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پرتپاک الوداع کہا۔