شیخ محمد بن راشد کی جانب سے 2,971 شہریوں کے لیے 2 ارب درہم سے زائد مالیت کی رہائشی منظوریوں کی توثیق

دبئی، 3 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں اماراتی شہریوں کو معیاری رہائش کی فراہمی قومی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مناسب رہائش خاندانی استحکام اور معاشرتی ہم آہنگی کی بنیاد ہے، اسی لیے حکومت ایسے رہائشی منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے جو شہریوں کی ضروریات کو اعلیٰ معیار اور ریکارڈ مدت میں پورا کریں۔

شیخ محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ شیخ محمد بن زاید کی رہائشی منصوبوں میں گہری دلچسپی اس قومی سوچ کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد عوامی فلاح و بہبود کو فروغ دینا اور ہر شہری کے لیے باوقار زندگی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں جدید، پائیدار اور معیاری رہائش کی فراہمی کے لیے نظام کی مسلسل نگرانی اور ترقی حکومت کی مستقل ترجیح ہے۔

زايد ہاؤسنگ پروگرام کے تحت رواں سال جنوری سے ستمبر 2025 تک مجموعی طور پر 2,971 رہائشی منظوریوں کا اجرا عمل میں آیا، جن کی مجموعی مالیت دو ارب درہم سے تجاوز کر گئی۔ ان میں سے 522 رہائشی گرانٹس صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان کی خصوصی ہدایات پر جاری کی گئیں، جن کی مالیت 355 ملین درہم رہی۔

اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے 595 ہاؤسنگ لونز بھی منظور کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 246.2 ملین درہم رہی۔ پروگرام کے تحت مزید 24 حکومتی گرانٹس یا دیگر مراعات کی منظوری دی گئی، جن کی مالیت 19 ملین درہم کے قریب تھی، جبکہ 1,830 شہریوں کے لیے ہاؤسنگ فنانس منظوریوں کا اجرا بھی عمل میں آیا، جن کی مجموعی مالیت 1.449 ارب درہم ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ جولائی 2022 سے ستمبر 2025 تک زاید ہاؤسنگ پروگرام کی جانب سے مجموعی طور پر 11,298 منظوریوں کا اجرا کیا جا چکا ہے، جن کی کل مالیت تقریباً 9 ارب درہم کے قریب پہنچ چکی ہے۔