ابوظہبی، 3 ستمبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت، ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے جنوبی افریقی بزنس کونسل کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ 2024 میں جنوبی افریقہ کے ساتھ امارات کی غیر تیل تجارتی مالیت 8.5 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جو 2023 کے مقابلے میں 14 فیصد جبکہ 2019 کے مقابلے میں 120 فیصد اضافہ ہے۔ رواں سال 2025 کی پہلی ششماہی میں دونوں ممالک کے درمیان غیر تیل دوطرفہ تجارت 3.93 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
اجلاس میں بالخصوص خوراک کی سلامتی، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، سیاحت اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبہ جات میں نجی شعبے کے تعاون کے نئے امکانات پر زور دیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اس وقت متحدہ عرب امارات میں 3,690 سے زائد جنوبی افریقی کمپنیاں سرگرمِ عمل ہیں، جبکہ اماراتی ادارے بھی جنوبی افریقہ میں اپنے کاروباری دائرے کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر الزیودی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات خطے میں پائیدار ترقی اور دوطرفہ تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتے ہیں۔