دبئی، 8 ستمبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایت پر دبئی ہیومینیٹیرین نے افغانستان کے حالیہ تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی امداد کے لیے ہنگامی فضائی پل قائم کرتے ہوئے بڑی کھیپ روانہ کر دی۔ امدادی پرواز آج صبح دبئی سے بی 747 کارگو طیارے کے ذریعے کابل کے لیے روانہ ہوئی۔
یہ مشن دبئی ہیومینیٹیرین کے رکن اداروں کے اشتراک سے منظم کیا گیا جن میں عالمی ادارۂ صحت، اقوامِ متحدہ کا ہائی کمشنر برائے پناہ گزین، اقوامِ متحدہ ہیومینیٹیرین ریسپانس ڈپو اور یونیسیف شامل ہیں۔ ترسیل میں 84 میٹرک ٹن سے زائد ناگزیر اشیائے امداد طبی سامان، پناہ گاہ کے مواد اور دیگر ہنگامی ضروریات شامل ہیں جن کی مالیت 9 لاکھ 29 ہزار 500 ڈالر (تقریباً 34 لاکھ درہم) ہے۔ یہ کھیپ قدرتی آفت سے متاثرہ 7 لاکھ 30 ہزار افراد تک معاونت پہنچانے کی توقع کے ساتھ بھیجی گئی ہے۔
جوسیپّے سابا، سی ای او و بورڈ ممبر دبئی ہیومینیٹیرین، نے کہاکہ، “دبئی ہیومینیٹیرین کی بدولت ادارے آفت کی صورت میں تیزی اور مؤثریت کے ساتھ اقدام کر پاتے ہیں۔ زلزلے کے فوراً بعد ہم نے اپنے رکن عالمی اداروں کے ساتھ مل کر میدانی ضروریات کا جائزہ لیا اور اہم اشیائے امداد کی تیاری کو ترجیح دی۔ یہ فضائی پل افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عزت مآب شیخ محمد بن راشد کے ویژن کی روشنی میں دبئی عالمی تیاریاں اور فوری ردِعمل کے مرکز کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کر رہا ہے، تاکہ بین الاقوامی شراکت دار قدرتی اور انسانی بحرانوں میں یکجا ہو کر مؤثر انداز میں کارروائی کر سکیں۔ ان کے مطابق یہ مشن امارات کے پائیدہ انسانی کردار کا واضح ثبوت ہے۔