بھارت میں شارجہ کا 2025 روڈ شو مکمل—بھارتی سیاحوں میں 38 فیصد اضافہ

شارجہ، 8 ستمبر، 2025 (وام)--شارجہ کامرس اینڈ ٹورزم ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے بھارت میں اپنا 2025 روڈ شو مکمل کیا جس کا مقصد شارجہ کو بھارتی سیاحوں کے لیے پسندیدہ منزل کے طور پر پیش کرنا تھا۔ روڈ شو نے ممبئی اور نئی دہلی کا رخ کیا جہاں بھارت کے لگ بھگ 90 کاروباری شراکت داروں اور شارجہ کے سرکاری و نجی شعبوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

دورے کے دوران شارجہ کی نمایاں سیاحتی دلکشیوں اور تجربات کو اجاگر کیا گیا، جب کہ سفر ایجنٹس، آن لائن ٹریول ایجنسیاں اور تقسیم کار ادارے، بالخصوص خلیجی منڈیوں کے لیے کام کرنے والے روڈ شو کا ہدف رہے۔ ااتھارٹی کے چیئرمین خالد جاسم المدفع کے مطابق 2025 کے ابتدائی سات ماہ میں شارجہ کے ہوٹلوں میں بھارت سے آنے والے مہمانوں کی تعداد میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

روڈ شو کے دوران بھارت کی چار نمایاں ٹورزم کمپنیوں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکتیں بھی طے کی گئیں، جب کہ ایمیزون اور اِن شارٹس جیسے پلیٹ فارمز کے ساتھ تشہیری مہمات کا آغاز کیا گیا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شارجہ کی سیاحتی رسائی بڑھانے، سفر و میہمان نوازی کی صنعت کو تقویت دینے اور بھارتی مارکیٹ میں شارجہ کی کشش مزید اُجاگر کرنے میں مدد دیں گے۔