شیخ عبداللہ بن زاید کی قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

ابوظہبی، 9 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے قطر پر ہونے والے اسرائیلی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت، قطر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی، بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح توہین اور ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا، جو خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے برادر ملک قطر سے امارات کی مکمل یکجہتی اور اس کے شہریوں و رہائشیوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فوری طور پر فوجی کشیدگی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسی اشتعال انگیزی علاقائی سلامتی کو کمزور کر سکتی ہے اور خطے کو بدامنی میں دھکیل سکتی ہے، جس کے عالمی امن پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری پوری کرے، اسرائیل کو روکے اور ان وحشیانہ حملوں کا سدباب کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جارحیت کا تسلسل غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو ظاہر کرتا ہے جو خطے میں کشیدگی اور تنازعات کو بڑھا رہا ہے اور امن و استحکام کے امکانات کو کمزور کر رہا ہے۔

مزید برآں، شیخ عبداللہ بن زاید نے متنبہ کیا کہ اگر عالمی برادری نے فیصلہ کن اور مؤثر مؤقف اختیار نہ کیا تو اس قسم کے خطرناک حملوں کا سلسلہ خطے اور دنیا کے امن کے لیے سنگین نتائج کا باعث بنے گا اور ایک ایسی صورتحال کو جنم دے گا جو کسی طور قبول نہیں کی جا سکتی۔