شارجہ میں انٹرنیشنل گورنمنٹ کمیونیکیشن فورم کا آغاز، 237 ماہرین کی شرکت

شارجہ، 9 ستمبر، 2025 (وام)--سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمراں، عزت مآب شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی سرپرستی میں 14واں انٹرنیشنل گورنمنٹ کمیونیکیشن فورم (IGCF) بدھ کے روز شارجہ ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگا۔

یہ دو روزہ فورم شارجہ گورنمنٹ میڈیا بیورو کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا موضوع "معاشرتی معیارِ زندگی کے لیے رابطہ کاری"ہے۔ فورم میں دنیا بھر سے 237 مقررین شریک ہوں گے اور 110 سے زائد سرگرمیاں منعقد ہوں گی جو پانچ اہم ترجیحات پر مرکوز ہوں گی جن میں غذائی تحفظ، صحت عامہ، تعلیم، ماحولیاتی پائیداری اور سبز معیشت شامل ہیں۔

پروگرام میں 51 سیشنز شامل ہیں جو غذائی تحفظ، صحت، تعلیم اور پائیداری کے مستقبل پر روشنی ڈالیں گے، جب کہ عالمی رہنماؤں کی سات خصوصی تقاریر بھی ہوں گی۔ مزید برآں، 22 ورکشاپس میں شرکاء کو براہِ راست سیکھنے اور ماہرین سے تبادلۂ خیال کا موقع دیا جائے گا۔

فورم کا اختتام شارجہ گورنمنٹ کمیونیکیشن ایوارڈ کے فاتحین کے اعلان پر ہوگا، جو دنیا بھر میں سرکاری رابطہ کاری کے شعبے میں جدت اور بہترین کارکردگی کو سراہتا ہے۔

14ویں ایڈیشن کو 30 حکومتی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں، ریسرچ مراکز اور نمایاں ٹیکنالوجی و میڈیا کمپنیوں کی شراکت حاصل ہے۔ شرکاء کے مابین مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے 22 انٹرایکٹو پلیٹ فارمز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

یہ فورم اسٹریٹجک پارٹنرز کے تعاون سے منعقد ہو رہا ہے جن میں متحدہ عرب امارات یونیورسٹی، شارجہ کا محکمہ برائے حکومتی تعلقات، شارجہ براڈکاسٹنگ اتھارٹی اور انویسٹ بینک شامل ہیں۔

اس موقع پر صدرِ امارات کے ثقافتی مشیر اور یو اے ای یونیورسٹی کے چانسلر زکی انور نُصَیبیہ نے کہا کہ ان کی اس فورم میں شمولیت علم کے تبادلے اور طلبہ کو عملی سرکاری رابطہ کاری کی مہارتیں فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

چیئرمین، محکمہ برائے حکومتی تعلقات شارجہ شیخ فہیم القاسمی نے کہا کہ، “ہم سرکاری رابطہ کاری کو عوام اور پالیسی سازوں کے درمیان اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی پل سمجھتے ہیں۔”

ڈائریکٹر جنرل، شارجہ براڈکاسٹنگ اتھارٹی محمد حسن خلف نے بتایا کہ اس سال کا فورم غذائی تحفظ، سبز معیشت اور ماحولیاتی پائیداری جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کر رہا ہے، جو روزمرہ زندگی پر براہِ راست اثرانداز ہوتے ہیں۔

انویسٹ بینک کے سی ای او ادریس الرفی کے مطابق نٹرنیشنل گورنمنٹ کمیونیکیشن فورم کا وژن اداروں اور کمیونٹیز کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے، اور مؤثر رابطہ کاری پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔

فورم کا مجموعی پیغام یہ ہے کہ رابطہ کاری کو حکومتوں اور معاشروں کے درمیان اعتماد کی مضبوطی کے لیے کلیدی ہتھیار سمجھا جائے، جب کہ اختراع اور ٹیکنالوجی کو مستقبل کی پالیسیوں کا محرک قرار دیا جائے، جن کا مقصد معیارِ زندگی کو عالمی فیصلہ سازی کے مرکز میں رکھنا ہے۔