بین الاقوامی گورنمنٹ کمیونیکیشن فورم میں اماراتی میڈیا کونسل کی شمولیت، اشتہارات کے لیے نیا لائسنس متعارف

شارجہ، 10 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات میڈیا کونسل کے سیکرٹری جنرل محمد سعید الشحی کے مطابق شارجہ میں منعقدہ 14ویں انٹرنیشنل گورنمنٹ کمیونیکیشن فورم (آئی جی سی ایف 2025) میں کونسل کی شمولیت نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس فورم کو نہ صرف امارات بلکہ خطے کے نمایاں ترین ایونٹس میں سے ایک قرار دیا۔

وام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کونسل نے فورم میں ایک خصوصی پویلین قائم کیا ہے، جو امارات میں معیارِ زندگی کے تصور کو اجاگر کرتا ہے اور ملک کے صحرا اور پہاڑی ماحول کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ، "یو اے ای میڈیا کونسل میں ہم عوام کو اولین ترجیح دیتے ہیں کیونکہ وہی اصل مواد تخلیق کرنے والے ہیں۔ اسی تناظر میں حال ہی میں ’ایڈورٹائزر پرمٹ‘ متعارف کرایا گیا ہے تاکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اشتہاری مواد کو منظم کیا جا سکے، خواہ وہ معاوضے کے ساتھ ہو یا اس کے بغیر ہوں۔ اس اقدام کا مقصد افراد اور کمپنیوں دونوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔"

الشحی نے بتایا کہ اس اجازت نامے کی بڑی مانگ سامنے آئی ہے اور اب تک 1,800 سے زائد مواد تخلیق کرنے والے رجسٹر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہل امارات کے لیے منفرد ہے اور اسے خطے میں سراہا جا رہا ہے، جس کے اشتہاری شعبے پر خاص طور پر افراد کے لیے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران میڈیا کونسل نے ایک جامع قانونی ڈھانچہ اور مضبوط ریگولیٹری پالیسیز قائم کی ہیں، جنہوں نے میڈیا کے شعبے کی ترقی، کارکردگی اور پائیداری پر نمایاں مثبت اثر ڈالا ہے۔