ابوظہبی، 24 ستمبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج ابوظہبی میں 13 نئی رہائشی کمیونٹیز کے قیام سے متعلق معاہدوں کے اعلان میں شرکت کی۔ ان منصوبوں کے تحت اماراتی شہریوں کے لیے 40 ہزار سے زائد گھر اور رہائشی پلاٹس تعمیر کیے جائیں گے، جن پر مجموعی طور پر 106 ارب درہم کی لاگت آئے گی۔
یہ معاہدے ابوظہبی ہاؤسنگ اتھارٹی اور ابوظہبی پروجیکٹس اینڈ انفراسٹرکچر سینٹر (اے ڈی پی آئی سی) نے کئی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے ساتھ کیے ہیں۔ معاہدوں کے مطابق اگلے پانچ برسوں میں اماراتی شہریوں کے لیے 25 ہزار 244 مکانات تعمیر ہوں گے جن پر 94 ارب درہم لاگت آئے گی، جبکہ تقریباً 14 ہزار 876 رہائشی پلاٹس 12 ارب درہم کی لاگت سے تیار کیے جائیں گے۔
قصر الشاطی، ابوظہبی میں ہونے والی اس تقریب کے دوران صدر مملکت کو نئے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ان منصوبوں کو اعلیٰ بین الاقوامی معیار کے مطابق اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ مکمل طور پر مربوط رہائشی کمیونٹیز پر مشتمل ہوں گی۔ ان میں مساجد، اسکول، تجارتی مراکز، عوامی پارکس، سبزہ زار، کھیلوں کی سہولتیں اور کمیونٹی سروسز شامل ہوں گی، تاکہ شہریوں کی ضروریات پوری ہوں، پائیداری کے اہداف حاصل ہوں اور خاندانوں کو استحکام و خوشحالی میسر آ سکے۔
اس موقع پر صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ ان منصوبوں کا آغاز اس بات کا مظہر ہے کہ رہائشی شعبہ قومی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا مقصد شہریوں کی زندگی کے معیار کو بلند کرنا اور اماراتی خاندانوں کے سکون اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اور متحد خاندان ایک مستحکم معاشرے اور قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معیار کے مطابق مکمل رہائشی کمیونٹیز کی تعمیر مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک حکمتِ عملی پر مبنی سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومتی اداروں اور نجی شعبے کو متحد ہو کر رہائشی اور ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے چاہئیں تاکہ اماراتی خاندانوں کو باعزت زندگی اور بہتر سہولتیں فراہم ہوں۔ ان کوششوں کی بنیاد ان اقدار پر ہونی چاہیے جو متحدہ عرب امارات کی اصل شناخت کی عکاسی کرتی ہیں۔
اعلان کی تقریب میں ابوظہبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید، الظفرہ ریجن کے نمائندہ حکمران شیخ حمدان بن زاید النہیان، العین ریجن کے نمائندہ حکمران شیخ ہزاع بن زاید النہیان، صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، صدر کے دفتر برائے اسٹریٹجک امور اور ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین احمد مبارک المزروعی، ابوظہبی کے محکمۂ مالیات کے چیئرمین جاسم محمد بوعتابہ الزعابی، متعدد شیوخ اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
یہ نئے منصوبے ابوظہبی ہاؤسنگ اتھارٹی کے جاری رہائشی منصوبوں میں اضافہ ہیں، جن میں ویسٹ بنی یاس ہاؤسنگ پروجیکٹ اور یاس کینال ہاؤسنگ پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے ساتھ اتھارٹی کے زیرِ تکمیل گھروں اور پلاٹس کی مجموعی تعداد تقریباً 45 ہزار تک پہنچ جائے گی، جنہیں 2029 تک مکمل کیا جانا ہے۔
معاہدوں کے مطابق ابوظہبی شہر میں چھ مکمل رہائشی کمیونٹیز تیار کی جائیں گی جن میں 14 ہزار 444 گھر شامل ہوں گے، اور ان پر 55.38 ارب درہم خرچ ہوں گے۔ یہ منصوبے الدار پراپرٹیز، بلوم ہولڈنگ اور مودون پراپرٹیز مکمل کریں گی۔ اس کے علاوہ العین میں پانچ رہائشی کمیونٹیز تعمیر ہوں گی جن میں 10 ہزار 480 گھر شامل ہوں گے، اور ان پر 36.95 ارب درہم لاگت آئے گی۔ یہ منصوبے الدار پراپرٹیز، بلوم ہولڈنگ، واحت الزویہ رئیل اسٹیٹ اور امکان پراپرٹیز مل کر انجام دیں گی۔
الظفرہ ریجن میں بھی دو رہائشی منصوبے شامل ہیں۔ ان میں السلع اور مدینۃ زاید میں مجموعی طور پر 320 گھر تعمیر کیے جائیں گے جن پر 1.59 ارب درہم خرچ ہوں گے۔ یہ منصوبے الدار پراپرٹیز مکمل کرے گی۔
ابوظہبی ہاؤسنگ اتھارٹی کے چیئرمین محمد علی الشرفا نے کہا کہ یہ معاہدے صدر شیخ محمد بن زاید کے اس وژن کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد خاندانوں اور معاشرتی استحکام کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ شہریوں کی زندگی مزید آسان اور خوشحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ’’سالِ کمیونٹی‘‘ کے اہداف کے مطابق ہے جس کا مقصد خاندانی تعلقات کو مزید گہرا کرنا اور معاشرتی یکجہتی کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حمد حارب المہیری نے کہا کہ شہریوں کو نقشے پر مبنی ریزرویشن سسٹم کے ذریعے اپنی پسند کا رہائشی علاقہ منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سماجی تعلقات کو مضبوط کرنا، خاندانی یکجہتی کو فروغ دینا اور پائیدار کمیونٹیز تشکیل دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام نئے مکانات دو برس کے اندر شہریوں کے حوالے کر دیے جائیں گے۔
ابوظہبی پروجیکٹس اینڈ انفراسٹرکچر سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل میسارہ محمود عید کے مطابق یہ معاہدے ابوظہبی حکومت کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ شہریوں کو باعزت اور معیاری زندگی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کی رہائش فراہم کرنا خاندانی اور سماجی استحکام کو مضبوط کرنے کا بنیادی ذریعہ ہے، جو پائیدار ترقی کے منصوبوں اور قیادت کے وژن کے عین مطابق ہے۔