متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

ابوظہبی، 29 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج دولتِ مشترکہ آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔

قصر الشاطی ابوظہبی میں آسٹریلوی وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں امارات اور آسٹریلیا کے تعلقات مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاری، قابلِ تجدید توانائی، پائیداری اور تعلیم جیسے مستقبل کے اہم شعبوں کو باہمی تعاون کے لیے کلیدی قرار دیا، جو دونوں ممالک کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہیں۔

امارات کے صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صرف سیاسی اور اقتصادی شعبوں تک محدود نہیں بلکہ ثقافتی اور تعلیمی روابط بھی ایک اہم پل کی حیثیت رکھتے ہیں جو عوامی سطح پر بہتر فہم اور باہمی تبادلے کو فروغ دیتے ہیں۔

ملاقات کے دوران کئی علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن زاید نے آسٹریلیا کی جانب سے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری بنیادوں کی گہری سمجھ کا عکاس ہے، جس میں دو ریاستی حل کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے۔

وزیراعظم البانیز نے امارات-آسٹریلیا تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ اُن کا ملک ان روابط کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال دستخط کیے گئے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ اقتصادی تعاون میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

مزید برآں، فریقین نے ترقیاتی شراکت داری کو وسعت دینے اور ہر ممکن مواقع سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین صدارتی دیوان برائے خصوصی امور عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان اور صدر کے مشیر عزت مآب شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان کے علاوہ کئی وزراء اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ جبکہ ملاقات کے دوران آسٹریلوی وزیراعظم کے ہمراہ آنے والے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔