کھجوروں کی نیلامی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ الظفرہ فیسٹیول کا 17 اکتوبر سے آغاز

الظفرہ، 30 ستمبر، 2025 (وام)--حاکم کے نمائندہ برائے الظفرہ ریجن، عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کی سرپرستی میں "الظفرہ ڈیٹس فیسٹیول اینڈ آکشن" کا چوتھا ایڈیشن 17 سے 26 اکتوبر تک مدینہ زاید، الظفرہ، ابوظہبی میں منعقد ہوگا۔ اس تقریب کا اہتمام ابوظہبی ہیریٹیج اتھارٹی کر رہی ہے۔

فیسٹیول کا مقصد کھجوروں کی پیداوار کو فروغ دینا، اعلیٰ معیار کی اقسام کو اجاگر کرنا، قومی فوڈ سکیورٹی کے اہداف کو سہارا دینا، کاشتکاروں کو معیار بہتر بنانے کی حوصلہ افزائی کرنا اور کھجور کی کاشت سے متعلق علم و تجربات کا تبادلہ کرنا ہے۔

اس سال کے ایڈیشن میں 21 مقابلے شامل ہیں، جن میں 173 انعامات دیے جائیں گے جن کی مجموعی مالیت 55 لاکھ درہم سے زیادہ ہے۔ یہ مقابلے کھجوروں کی خوبصورتی، شہد، کھانا پکانے، پیکجنگ، پینٹنگ اور فوٹوگرافی جیسے مختلف شعبوں پر مشتمل ہوں گے۔

میلے کا سب سے اہم اور توجہ کا مرکز "ڈیلی ڈیٹ آکشن" ہوگا، جس میں شائقین کو اعلیٰ معیار کی اماراتی کھجوروں پر بولی لگانے کا موقع ملے گا، جو مختلف اقسام اور گریڈز کے ساتھ خصوصی میزوں پر نمائش کے لیے رکھی جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ روایتی فنون، فوٹوگرافی و پینٹنگز کی نمائش، ہنر مند دستکاری، آگاہی لیکچرز اور ہر عمر کے لیے تخلیقی ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی۔ شرکا کھجوروں اور ان سے بنی مصنوعات، زرعی آلات اور خصوصی "ہنی ولیج" کے اسٹالز بھی دیکھ سکیں گے۔

سرکاری و نجی ادارے بھی اس میلے میں حصہ لیں گے اور اپنے پویلینز میں کاشتکاروں اور زائرین کے لیے آگاہی پروگرامز، انٹرایکٹو سرگرمیاں اور زرعی شعبے میں اپنی جدید خدمات و اختراعات پیش کریں گے۔

اس بار مملکتِ مراکش کو "مہمانِ خصوصی" کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے تاکہ ثقافتی اور زرعی تبادلے کو فروغ دیا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان کھجور کی کاشت اور پیداوار سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔