ابوظہبی، 30 ستمبر، 2025 (وام)--نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان نے آرمینیا کی وزیر داخلہ، معالی اربینے سارگسیان، اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے اور قیادت کے وژن کے مطابق تعاون کے نئے پہلو تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔ اس دوران کمیونٹی سیکیورٹی کو مستحکم کرنے اور جرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ بین الاقوامی کاوشوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات اور آرمینیا کے درمیان ڈرائیونگ لائسنس کے باہمی تبادلے اور تسلیم کے لیے یادداشتِ مفاہمت پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں جاری شدہ ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد بغیر ٹیسٹ کے لائسنس کا تبادلہ کر سکیں گے، جس سے رہائشیوں اور زائرین کے لیے سفری سہولتیں مزید آسان ہو جائیں گی۔
امارات کی جانب سے ملاقات میں وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری میجر جنرل خلیفہ ہارب الخیلی، ابوظہبی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل شیخ محمد بن طحنون النہیان، اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے وسائل اور سپورٹ سروسز میجر جنرل سالم الشامسی اور وزارت کے دیگر حکام شریک تھے۔
آرمینی وفد میں متحدہ عرب امارات میں آرمینیا کے سفیر کارن گریگوریان، وزیر داخلہ کے ترجمان و سربراہ عوامی رابطہ ناریگ سارگسیان، انٹرنیشنل کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ میں پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ آرتاک ہاروٹیونیان اور رجسٹریشن، انویسٹی گیشن، پرمٹس، اور لائسنسنگ سروسز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اَرارات تیوسیان سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔