فن لینڈ کے سابق صدر کی امارات کی سبز معیشت کے ماڈل کی تعریف

دبئی، یکم اکتوبر 2025 (وام) ─ فن لینڈ کے سابق صدر ساؤلی نینستو نے کہاکہ متحدہ عرب امارات سبز معیشت کی تعمیر میں ایک مثالی اور رہنما ماڈل پیش کر رہا ہے، جو صرف آج کے فوائد پر نہیں بلکہ مستقبل پر بھی نظر رکھتا ہے اور دنیا کے لیے ایک مثال قائم کر رہا ہے۔

امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے، ورلڈ گرین اکانومی سمٹ کے موقع پر، انہوں نے کہا کہ امارات نے وسیع تیل و گیس کے ذخائر رکھنے کے باوجود قابلِ تجدید توانائی اور سبز معیشت کو اپنانے میں غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دبئی میں شروع ہونے والا یہ اجلاس مکالمے اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر مشترکہ نقطۂ نظر کے تبادلے کا ایک انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے، جو بین الاقوامی برادری کو اعتماد سازی اور مشترکہ عملی حل تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ، “یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم اعتماد کے ساتھ ایک دوسرے سے اس بارے میں بات کریں کہ کیا کچھ کرنا ضروری ہے۔ یہ مسئلہ سب کا مشترکہ ہے اور فطری طور پر ہمیں اسے مل کر حل کرنا ہوگا۔ یہ پلیٹ فارم ایک قیمتی موقع ہے مشترکہ راستہ تلاش کرنے کے لیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ امارات اور فن لینڈ کے درمیان سبز معیشت کے میدان میں تعاون سائنسدانوں اور ٹیکنالوجی ماہرین کی کوششوں اور بڑھتے ہوئے سرکاری تعلقات پر مبنی ہے۔ ان کے مطابق، “حالات اور طرزِ زندگی کے فرق کے باوجود ہمارے دونوں ممالک کو ایک ہی مسئلہ درپیش ہے، اور وہ ہے ماحولیاتی تبدیلی۔ اس سے نمٹنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔”

تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں فن لینڈ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے نینستو نے کہا کہ سائنسدان اور انجینئرز تعاون اور تجربات کے تبادلے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ معلومات اور تجربات کا باہمی تبادلہ ہی ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں کو مضبوط بنانے کا بہترین طریقہ ہے۔