مڈل ایسٹ کاسمیٹکس شو کا آغاز 8 اکتوبر سے، 200 سے زائد برانڈز کی شرکت

شارجہ، یکم اکتوبر، 2025 (وام)--ایکسپو سنٹر شارجہ 8 سے 12 اکتوبر تک خطے کی پہلی مڈل ایسٹ کاسمیٹکس شو کا انعقاد کر رہا ہے، جسے شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی معاونت حاصل ہے۔ اس نمائش میں 200 سے زائد مقامی و بین الاقوامی کاسمیٹکس برانڈز، صنعت سے وابستہ ماہرین، ڈسٹری بیوٹرز اور پروفیشنلز شریک ہوں گے۔

چار ہزار مربع میٹر پر محیط یہ نمائش پانچ ہزار سے زائد مصنوعات پیش کرے گی اور شرکاء کو نیٹ ورکنگ اور شراکت داری کے مواقع فراہم کرے گی۔ شو کے دوران بیوٹی انڈسٹری کے آٹھ بنیادی شعبوں کو کور کیا جائے گا، جس میں 150 لائیو ڈیمونسٹریشنز، تعلیمی سیشنز، ورکشاپس اور خصوصی آفرز شامل ہیں۔

ایکسپو سنٹر شارجہ کے سی ای او سیف محمد المدفع نے کہا کہ یہ تقریب شارجہ کی پوزیشن کو نمائشوں کی صنعت میں مزید مستحکم کرتی ہے اور خطۂ مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقہ (مینا) میں بیوٹی اور پرسنل کیئر مارکیٹ کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔