سعید مبارک الحاجری کی برکس اجلاسوں میں شرکت، امارات کا کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر عزم کا اعادہ

نیویارک، یکم اکتوبر، 2025 (وام)--وزیرِ مملکت اور متحدہ عرب امارات کے برکس نمائندہ (شیئرپا) سعید مبارک الحاجری نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر 26 ستمبر کو منعقدہ برکس وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے متحدہ عرب امارات کے کثیرالجہتی عمل کو فروغ دینے کے عزم کو اجاگر کیا۔ الحاجری نے اس ہفتے کے آغاز میں منعقدہ برکس شیئرپا اجلاس میں بھی شرکت کی۔

وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الحاجری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات برکس کو ایک ایسا منفرد پلیٹ فارم تصور کرتا ہے جو مختلف نقطہ ہائے نظر کو یکجا کرتا ہے، اتفاقِ رائے پیدا کرتا ہے اور مشترکہ چیلنجز کے لیے مربوط و قابلِ عمل حل فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ، "پائیدار استحکام جامع مکالمے، بامقصد اقتصادی تعاون اور قابلِ اعتماد علاقائی شمولیت سے حاصل ہوتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ امارات برکس کے متفقہ ترجیحات کو عملی نتائج میں ڈھالنے کے لیے بھارت ─ جو آئندہ برس برکس کی صدارت سنبھالے گا ─ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور برازیل کی جانب سے برکس سربراہ اجلاس کی کامیاب میزبانی کو سراہتا ہے۔

اجلاسوں کے دوران متحدہ عرب امارات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پائیدار توانائی اور اقتصادی تعاون جیسے کلیدی شعبوں میں برکس ممالک کے درمیان مزید گہرا تعاون ناگزیر ہے، کیونکہ یہ "جدید اور مسابقتی معیشتوں کی بنیاد" ہیں۔