امریکی کمپنیوں کی رکنیت میں 53 فیصد سالانہ اضافہ، امارات سرمایہ کاری کا عالمی مرکز

ابوظہبی، یکم اکتوبر، 2025 (وام)--ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اعلان کیا ہے کہ 2019 سے 2024 کے درمیان امریکی کمپنیوں کی رکنیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کی سالانہ اوسط شرحِ نمو (CAGR) تقریباً 53 فیصد رہی۔ صرف سال 2024 میں امریکی رکنیت میں 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو امارات اور امریکہ کے درمیان مضبوط معاشی شراکت داری کا مظہر ہے۔

چیمبر کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنیوں میں تقریباً نصف ہول سیل و ریٹیل تجارت کے شعبے میں سرگرم ہیں، جب کہ دیگر نمایاں شعبوں میں گاڑیوں کی مرمت، پیشہ ورانہ، سائنسی اور تکنیکی خدمات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تعمیرات (8 فیصد)، کان کنی (7 فیصد)، مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی (6 فیصد)، مہمان نوازی (6 فیصد) اور انتظامی خدمات (5 فیصد) کے شعبے بھی نمایاں ہیں، جو ابوظہبی میں امریکی کاروباری موجودگی کے وسیع دائرہ کار کو ظاہر کرتے ہیں۔

چیمبر نے واضح کیا کہ اس تیز رفتار اضافے کا سہرا اس کی کامیاب حکمتِ عملی کو جاتا ہے، جس کے تحت کاروبار دوست ماحول، جدید انفراسٹرکچر، لچکدار اقتصادی پالیسیاں اور پائیدار ترقی کا وژن فراہم کیا گیا ہے، جس نے ابوظہبی کو سرمایہ کاری کے لیے خطے کا ترجیحی مرکز بنا دیا ہے۔

اس موقع پر ابوظہبی چیمبر کے نائب چیئرمین و مینیجنگ ڈائریکٹر شمس الظاہری نے کہاکہ، “چیمبر بین الاقوامی کمپنیوں کی معاونت اور سرمایہ کاری کے مواقع تک ان کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے نئے اقدامات اور پروگرامز متعارف کرا رہا ہے۔ امریکی کمپنیاں ابوظہبی کے کاروباری منظرنامے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اور ہم پُرعزم ہیں کہ اس شراکت داری کو مزید وسعت دے کر معیشت کو مزید متنوع اور مضبوط بنایا جائے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شاندار اعداد و شمار دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات میں گہرائی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق امریکی کمپنیاں ابوظہبی کے پائیدار اور متنوع اقتصادی سفر کی “اسٹریٹجک پارٹنر” ہیں، اور چیمبر نجی شعبے کی بھرپور معاونت اور نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

امریکی سرمایہ کاری میں آئندہ برسوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر اختراعات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں، جو امارت کے طویل المدتی اقتصادی تنوع کے منصوبوں کو تقویت دے گا۔