فلپائن میں زلزلہ متاثرین کیلئے امارات کی فوری ہنگامی امداد روانہ

ابوظہبی، 2 اکتوبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے اپنے عالمی انسانی کردار کو جاری رکھتے ہوئے فلپائن کے وسطی حصے میں آنے والے شدید زلزلے سے متاثرہ آبادیوں کے لئے فوری ہنگامی امداد روانہ کی ہے۔

یو اے ای ایڈ ایجنسی کے ذریعے اور مقامی حکام کے تعاون سے فراہم کی جانے والی اس امداد میں مختلف قسم کا ریلیف سامان شامل ہے، جس کا مقصد فلپائن کی حکومت کی جانب سے آفت کے اثرات کم کرنے کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔

یہ فوری اقدام امارات کے دیرینہ انسانی مشن اور دنیا بھر میں قدرتی آفات سے متاثرہ برادریوں کے ساتھ اس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اقدام انسانی مصائب کو کم کرنے، فوری بحالی کی رفتار تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں میں استحکام کو فروغ دینے کے لئے امارات کی پالیسی کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

یو اے ای ایڈ ایجنسی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ امارات انسانی ہمدردی کے میدان میں پیش پیش ہے اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کرنا اس کا مستقل کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ، "متحدہ عرب امارات مشکل گھڑیوں میں خوراک اور ہنگامی سامان جیسی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔"

ڈاکٹر العامری نے مزید کہا کہ ایجنسی اپنی ہنگامی منصوبہ بندی کے تحت دنیا بھر میں زلزلوں، سمندری طوفانوں اور دیگر قدرتی آفات سے متاثرہ کمزور برادریوں کی مدد کے لئے امارات کے انسانی وژن پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔