شیخ منصور بن زاید کی زیر صدارت پانی و بجلی کمیٹی کا اجلاس

ابوظہبی، 6 اکتوبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی دیوان کے سربراہ عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان نے آج قصر الوطن میں پانی اور بجلی کے شعبے سے متعلق اعلیٰ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ابوظہبی کے پانی اور بجلی کے شعبوں کی تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی ترقیاتی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ ان حکمتِ عملیوں میں توانائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے اور کم کاربن حل پر زیادہ انحصار کرنے کو اولین ترجیح دی گئی، تاکہ امارت کے مختلف اقتصادی شعبوں میں جاری وسعت کے ساتھ ہم آہنگ رہتے ہوئے پانی اور توانائی کے شعبوں میں ابوظہبی کی عالمی حیثیت مزید مستحکم ہو۔

اجلاس میں شریک معززین میں وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل بن محمد المزروعی، صدر کے دفتر برائے تزویراتی امور اور ابوظہبی ایگزیکٹیو آفس کے چیئرمین ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی، وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور ادنوک کے گروپ سی ای او ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر، ایگزیکٹیو افیئرز اتھارٹی کے چیئرمین خلدون خلیفہ المبارک، محکمۂ مالیات کے چیئرمین جاسم محمد بوعتبہ الزعابی، محکمۂ توانائی کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ حمید الجروان اور وزیر سرمایہ کاری و اے ڈی کیو کے سی ای او محمد حسن السویدی شامل تھے۔