شارجہ، 14 اکتوبر 2025 (وام)--شارجہ کے ولی عہد، نائب حکمران اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ سلطان بن محمد بن سلطان القاسمی کی زیرِ صدارت منگل کے روز حکمران کے دفتر میں شارجہ ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں شارجہ کے نائب حکمران اور ایگزیکٹو کونسل کے نائب چیئرمین شیخ عبداللہ بن سالم بن سلطان القاسمی،اور شارجہ کے نائب حکمران اور ایگزیکٹو کونسل کے نائب چیئرمین شیخ سلطان بن احمد بن سلطان القاسمی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں شارجہ کی مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی، اور عوام کو بہترین سرکاری خدمات فراہم کرنے سے متعلق متعدد تجاویز پر غور کیا گیا۔
کونسل نے شارجہ میں گاڑیوں کی ضبطگی کے طریقہ کار سے متعلق نئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی، جن کا مقصد عمل کو مزید شفاف، منصفانہ اور مؤثر بنانا ہے۔
ان ضوابط میں واضح فیسوں کا تعین کیا گیا ہے، جو عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دے گی اور ٹریفک قوانین کی درست عملداری کو یقینی بنائے گی۔ اس اقدام کا مقصد عوام کے حقوق کا تحفظ اور ٹریفک خلاف ورزیوں کے مؤثر نظم کو فروغ دینا ہے۔
نئے فیصلے کے تحت گاڑی کے مالکان یا قانونی حق رکھنے والے افراد کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ یومیہ فیس ادا کر کے اپنی گاڑی جلد واپس حاصل کر سکیں، بجائے اس کے کہ وہ پوری مدتِ ضبطگی کا انتظار کریں۔ فیس کا حساب ضبطگی کی وجوہات کے مطابق کیا جائے گا۔
کونسل نے گاڑیوں کی ٹووِنگ فیس سے متعلق بھی نئے ضوابط جاری کیے ہیں، تاکہ حادثات یا تکنیکی خرابی کے باعث سڑکوں پر رکی گاڑیوں کی فوری منتقلی کو ممکن بنایا جا سکے۔ اس کا مقصد ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری، سڑکوں پر حفاظت میں اضافہ اور مزید حادثات کے امکانات میں کمی لانا ہے۔
ایگزیکٹو کونسل نے ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ نئے معاہدے کی منظوری بھی دی، جس کا مقصد عوامی نقل و حمل کے نظام کو جدید، محفوظ اور آرام دہ بنانا ہے۔ اس معاہدے کے تحت خدمات کے یکساں معیار اور عملی نگرانی کے نئے طریقے متعارف کرائے جائیں گے۔
یہ اقدام شارجہ کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو ترقی دینے کے منصوبے کا حصہ ہے اور اس سے نجی کمپنیوں کو پائیدار ترقی اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب ملے گی۔